• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ہی تبدیلی کا دوسرا نام ہے، گورنر

لاہور(نمائندہ خصو صی‘خصوصی رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ہی تبدیلی کا دوسرا نام ہے۔ عوام کی خواہشات کا احترام اور بنیادی ضروریات کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کی ترجیح ہی نہیں بلکہ بنیادی منشور ہے۔ اِ ن خیالات کا اظہار اُنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں صوبائی وزیر فنانس مخدوم ہاشم جوان بخت اور صوبائی وزیر محنت انصر مجید نیازی سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کے دوران کیا ،اس موقع پرصوبائی وزراء نے گورنر پنجاب کو اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔دریں اثناء گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس لاہورمیںمیجر جنرل(ر) عبیدبن زکریا اور سابق چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل (ر) آصف سندھیلہ نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔علاوہ ازیںگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کوئی بھی قوم یا ملک بزنس کمیونٹی کے بغیر ترقی نہی کر سکتی ۔ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چودھری سرور نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں پاکستان فارما سوٹیکل ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب میں کیا، پاکستان فارما سوٹیکل ایسوسی ایشن کی تقریب میں نو منتخب صدر چوہدری انصر فاروق نے حلف اٹھایا۔مزید برآںگورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے گزشتہ روز پاسپورٹ آفس گارڈن ٹائون کا اچانک دورہ کیا۔ گورنر پنجاب نے پاسپورٹ بنوانے کے طریق کار سے آگاہی لی۔ گورنر کو سائلین نے بتایا کہ ٹوکن سسٹم کے تحت گارڈن ٹائون آفس میں پاسپورٹ بنانے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئی۔ پہلے آئیے اور پہلے پاسپورٹ بنائیے کے اصول پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے۔ گورنر پنجاب نے بھی قطار میں لگ کر اپنا پاسپورٹ رینیو کروایا اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر پاسپورٹ اخلاق احمد قریشی نے گورنر کو پاسپورٹ بنوانے کی راہ میں حائل مسائل سے آگاہ کیا۔
تازہ ترین