• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قیمتیں بڑھنے سے عوام کی نیندیں اڑ گئیں، نعرے نہیں حکومت ڈیم بنائے، شہباز شریف


اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ گیس کی قیمتیں بڑھنے سے عوام کی نیندیں اڑگئی ہیں، اضافہ فوری واپس لیاجائے، ٹیکسوںمیں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، حکومت کھوکھلے نعروں کے بجائے ڈیم بنائے،حکومت ووٹ نہیں دھاندلی کی پیداوار ہے، نان فائلرز کو رعایت ایمانداری کی شکست، گھنگھرو ڈال کر پھرنے والوں کی فتح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی میں ضمنی مالیاتی (ترمیمی) بل2018 (منی بجٹ) پر عام بحث کا آغاز کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے قائم پارلیمانی کمیشن کی رپورٹ جلد تیار کی جائے،جس پر ڈپٹی اسپیکر نے وضاحت کی کہ پارلیمانی کمیشن نہیں بلکہ خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہم 2018 کے غیرشفاف الیکشن کودوام بخشنے کیلئے نہیں بلکہ جمہوریت کی شمع کو روشن رکھنے کیلئے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو نوازشریف کی قیادت میں جو چیلنجز تھے۔ ہم نے عوام کے ساتھ مل کر ان مسائل کو حل کیا۔ پاورپراجیکٹس بنانے، تاریخ کا سب سے بڑا زرعی پیکیج دیا، زرعی ٹیوب ویلوں پر سبسڈی دی گئی۔ بلاسود اربوں روپے کے قرضے دیے گئے۔ زراعت کو اپنے پائوں پر کھڑا کیاگیا۔ ہم نے تعلیم، صحت امن امان پر توجہ دی۔ پنجاب میں فرانزک لیبارٹری بنائی۔ ہمیں عوام کی خدمت کرنے پر فخر ہے۔ پوری قوم کو علم ہے کہ یہ حکومت ووٹ نہیں بلکہ دھاندلی کی پیداوار ہے۔ نئے پاکستان کی نوید سنانے وا لے اور میرٹ قائم کرنے کا دعویٰ کرنے والوں کی کارکردگی آپکے سامنے ہے۔ سادگی کے بیان کی دھول آنکھوں میں جھونکی گئی۔انہوں نے کہاکہ چین ہمارے بہترین دوستوں میں شامل ہیں۔ سرآنکھوں پر بٹھانے کی بجائے سرد مہری سے اوربے رخی سے انکا استقبال کیا گیا جب ہمسایہ ملک کے ساتھ جنگ ہوئی تو چین نے مدد کی سی پیک کے بارے میں بعض مشیروں نے ابہام پیدا کیا۔ پاور سیکٹر میں33ارب کی سرمایہ کاری کی گئی اس میں سود کہاں سے آگیا۔ یہ ایوان اورعوام سی پیک کا تحفظ کرینگے اور اس کو کہیں نہیں جانے دینگے۔ مجھے اسد عمر سے توقع نہیں تھی کہ وہ اس طرح کا عوام دشمن بجٹ لیکر آئینگے۔

تازہ ترین