• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابی تحقیقات، ن لیگ نے پارلیمانی کمیٹی کیلئے نام دے دیئے

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) انتخابی تحقیقات کیلئے اپوزیشن کی تجویز پر خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے کام کا آغاز ہوگیا۔ حزب اختلاف کی بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پارلیمانی کمیٹی کیلئے 4 ار کا ن نامزد کردئیے ان میں سابق وزیر داخلہ احسن اقبال، سابق ڈپٹی اسپیکر مرتضی جاوید عباسی، رانا تنویر حسین اور رانا ثناء اللہ شامل ہیں۔ اسپیکر کو مسلم لیگ(ن) کے نامزد ارکان کی فہرست مل گئی ہے اٹھارہ رکنی کمیٹی میں حکومت اوراپوزیشن کے مساوی 9/9 ارکان ہونگے۔ پی پی پی کے 3 ایم ایم اے اور اے این پی کے ایک ایک رکن کو پارلیمانی کمیٹی میں تشکیل کیا جائیگا۔ پارلیمانی کمیٹی میں حکمران پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ق) ، جی ڈی اے، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کو نمائندگی ملے گی۔مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس پیر کی شام پارلیمنٹ ہائوس میں پارٹی صدر قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی زیرصدارت ہوا جس میں بیگم کلثوم نواز کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور تمام اہل خانہ کیلئے صبرجمیل کی دعا کی گئی۔ شہبازشریف نے حکومت کے پیش کردہ منی بجٹ پر پارلیمانی پارٹی کے ارکان کو بریفنگ دی۔ پارلیمانی پارٹی نے حکومت کے پیش کردہ بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے اسے مکمل طورپر مسترد کردیا۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اور نگزیب کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پارلیمانی پارٹی نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو امن دشمن، غیرذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی اور اس عزم کا اظہارکیا کہ مادروطن کے تحفظ، سلامتی اور دفاع کیلئے پوری قوم متحد اور یک زبان ہے۔ قوم اور فوج مل کر ملک کا دفاع کرینگے۔

تازہ ترین