• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دینی مدارس کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے ،آئی جے ٹی

کوئٹہ(پ ر)جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے منتظم اعلیٰ مولانا الطاف کشمیری ،بلوچستان کے منتظم صوبہ مولانا خالدالرحمان شاہوانی ،جماعت اسلامی کوئٹہ کے جنرل سیکرٹری حافظ نورعلی ،مولانا رحمت اللہ موسیٰ خیل نے کہا کہ معاشرے کی نظریں طلبہ مدارس پر جمی ہوئی ہیں عوام الناس کو طلبہ مدارس سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں لہذاطلباء علم کے اسلحے سے لیس اور دور حاضر کے چیلنجز کا ادراک کرتے ہوئے ان کے مقابلے کیلئے اپنے آپ کو تیار کریں اور عوام الناس کی درست سمت میں رہنمائی کرتے ہوئے معاشرے کی وابستہ توقعات پرپورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں ۔دینی مدارس کے خلاف کسی سازش کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔طلبہ دینی وعصری علوم پر توجہ دیں ۔مدارس ومساجد پرپابندی سے مسائل پیداہوں گے یہ سب غیروں کے اشاروں پر ہورہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت طلبہ عربیہ نواکلی کی یونٹ کے زیر اہتمام تاسیسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ ایک کٹھن اور کڑے دور سے گزر رہی ہے اور اس کا واحد سبب مسلمانوں کی قرآن و سنت سے دوری اور باہمی انتشار ہے ،موجودہ طاغوتی عناصر کا مقابلہ کرنے کیلئے حکمرانوں سمیت امت مسلمہ کے ہر فردکو متحد ہونا پڑے گا دین اسلام کو اپنی خواہشات کے تابع نہیں بلکہ اپنی خواہشات کو دین اسلام کے تابع کرنا چاہیے انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسلامی نظریاتی کونسل از سر نو تشکیل دی جائے۔منتظم اعلیٰ نے مزید کہا کہ حکمران کو ڈالروں کی چمک نے اندھا کردیا ہے حکمران اپنے رب سے ڈرتے ہوئے کفار کی حمایت ترک کرکے اپنے مسلمان بھائیوں کی داد رسی کریں ۔اگرحکمرانوں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو انہیں قہر خداوندی سے کوئی نہیں بچا سکتا۔
تازہ ترین