• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان، طالبان حملوں میں ضلعی پولیس سربراہ سمیت 22 اہلکار ہلاک

کابل (جنگ نیوز) افغانستان کے دو صوبوں میںطالبان کے حملوں میں 22سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں زابل صوبے کے ضلع میزان کا پولیس سربراہ بھی شامل ہے۔ یہ حملے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کے دوران فراہ اور زابل صوبوں کے علاقوں میں کیے گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مغربی صوبے فراہ کے ضلع پُشتِ رُود میں طالبان حملہ آوروں نے دو چیک پوسٹوں پر حملوں کے دوران 21فوجیوں کو ہلاک کردیا ۔ اس حملے میں طالبان نے اسلحے پر قبضے کے علاوہ گیارہ فوجیوں کو اغوا بھی کرلیا۔اسی طرح زابل صوبے کے ضلع میزان میں طالبان جنگجوئوں نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب حملہ کردیا ۔ اس دوران سیکورٹی فورسز سے جھڑپ کے دوران مقامی پولیس سربراہ اسد ماما ہلاک ہوگیا ۔ افغان حکام کے مطابق جھڑپ میں کئی طالبان جنگجو بھی ہلاک ہوئے ۔ طالبان کے ترجمان نے ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے دو درجن ہلاکتیں بتائی ہیں۔دوسری جانب سعودی دفتر خارجہ نے افغانستان کے شمال مشرقی علاقے تہار میں انتخابی اجلاس پر دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب دہشتگرد ی اور تخریب کاری کے ہر عمل کو مسترد کرتا ہے اور انتہا پسندی و دہشتگردی کے خلاف افغانستان کے ساتھ ہے ۔ سعودی عہدیدار نے مذکورہ حادثے میں جاں بحق ہونیوالوں کے اعزاء، افغان عوام اور حکومت سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی فوری شفا کی آرزو ظاہر کی ۔دریں اثناء چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نے کہا ہے کہ چین افغانستان میں سیاسی مفاہمتی عمل اور افغانستان کی پرامن تعمیر نو میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ وہ چین ، افغانستان اور پاکستان کے درمیان سہ فریقی تعاون کا فروغ بھی چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ یہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے اعظم کی کونسل کے سترہویں سربراہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔لی کی چیانگ نے افغانستان کو روایتی دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین اور افغانستان اچھے پڑوسی ممالک ہیں،چین افغانستان میں دیرپا اور جلد امن کا خواہاں ہے تاکہ افغانستان ترقی کر سکے۔لی کی چیانگ نے کہا کہ چین افغان حکومت کی قومی سلامتی کی بالادستی اور استحکام کے لئے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ چین افغان تعمیر نو کے عمل میں اپنامثبت کردار ادا کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔چینی وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افغانستان کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھائے گا۔

تازہ ترین