• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بغیر دوپٹہ خواتین کے داخلے پر پابندی کا حکم نہیں دیا،یاسمین راشد

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ انہوں نے ڈوپٹے کے بغیر خواتین کو منسٹرز بلاک میں داخلے سے روکنے کی کوئی ہدایت نہیں کی ۔

ایک بیان میں وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ خاتون کو روکنے والے پولیس اہلکار کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے ۔

ان کا مزید کہناتھاکہ جس پولیس آفیسرنے خاتون سےگفتگومیں ان کے من گھڑت حکم کا دعویٰ کیا اب اسے اس کی وضاحت دینا ہوگی ۔

آج لاہور سول سیکریٹریٹ آنے والی خاتون کو دوپٹہ نہ ہونے پر ایک اہلکار نے داخلے ہونے سے روک دیا تھا اور انہیں بتایا تھاکہ یہ احکامات صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے دیے ہیں ۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے مذکورہ معاملے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بغیر دوپٹہ اوڑھے سیکریٹریٹ میں آنے والی خواتین کو ملنے سے کبھی انکار نہیں کیا، گارڈ کو کبھی اس طرح کے احکامات جاری نہیں کیے، میرے نام سے غلط بات منسوب کی گئی۔

صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ دوپٹہ ہماری تہذیب کا حصہ ضرور ہے لیکن اس کے لیے کسی کو پابند نہیں کیا جاسکتا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے اس حوالے سے ٹوئٹ بھی کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی ہے اور شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا گیا۔

تازہ ترین