• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


جب ہڈیاں لچک کھونے لگیں اوران میں سختی آجائے، اس بیماری کو آسٹیوپوروسس کہا جاتا ہے۔آج دنیا بھر میں ہڈیوں کی بیماری آسٹیوپوروسس کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے اس دن کو ہر سال 20 اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد لوگوں میں ہڈیوں اور میٹابولک بیماری کی روک تھام کے حوالے سے اگاہی پیدا کرنا ہے ۔

1996 سے قبل پہلی مرتبہ ورلڈ آسٹیوپروسس ڈے برطانیہ کی نیشنل آسٹیوپوروسس سوسائٹی کی طرف سے منایا گیا اور یورپی کمیشن کی طرف سے بھی اس دن کو منانے کی حمایت کی گئی تھی ۔

اس وقت دنیا بھر کے 90 سے زیادہ ممالک ورلڈ آسٹیوپروسس ڈے کے لیے ریلیوں سمینار اور دیگر تقریبات کا اہتمام کرتے ہیں تاکہ لوگوں میں ہڈیوں کی بیماری کے بارے میں شعوربیدار کیا جا سکے۔

اس سال آسٹیوپوروسس ڈے کی تھیم ہے اپنی ہڈیوں سے محبت کیجئے ،اس کی مضبوطی کا خیال رکھیۓ۔ مناسب خوراک لیں ،، ورزش کریں۔

آسٹیوپوروسس زندگی کے معیار پر اثر انداز ہونے والی ایک عام بیماری ہے۔ اس بیماری سے ہڈیاں بہت کمزور ہوجاتی ہیں اور ان کے فریکچر ہونے کا خطرہ بہت بڑھ جاتا ہے۔

دیگر خطرات میں خاندان میں آسٹیوپروسس کا ہونا، بار بار گرنا،جسم کا وزن کم ہونا، سٹیرائڈ جیسی ادویات کا طویل مدت تک استعمال، خوراک میں کیلشیم اور وٹامن ڈی کا کم ہونا، تمباکونوشی اور خاندان میں دیگر دائمی عوارض کا ہونا شامل ہیں۔

پاکستان میں کم علمی اور محدود وسائل کی کمی کی وجہ سے اس بیماری کی بروقت تشخیص ہی نہیں ہوپاتی۔کچھ وقت پہلے تک یہ بیماری صرف معمر افراد میں پائی جاتی تھی لیکن اب نا صرف بڑی عمر کے افراد بلکہ نوجوانوں میں بھی آسٹیوپوروسس کے خطرات بڑھنے لگے ہیں۔

آسٹیوپوروسس سے بچاؤ کے طریقے

کیلشیم

18 سے 50 سال کی عمر میں جسم میں کیشیم کی سطح کا حساب رکھنا ضروری ہے۔ سگریٹ نوشی اور سافٹ ڈرنک کا استعمال کم کریں کیونکہ ان چیزوں سے ہڈیوں کا کیلشیم کم ہونے لگتا ہے۔ اپنی خوراک میں دودھ، دہی، ہری سبزی، پھل اور سی فوڈ کا استعمال بڑھائیں۔ ساتھ ہی ورزش کو روز کا معمول بنائیں۔ کیلشیم کے لیے سپلیمنٹ بھی استعمال کی جاسکتی ہیں لیکن ان سے گردے میں پتھری ہونے کے خطرات لاحق ہوجاتے ہیں اس لیے بہتر یہ ہی ہے کہ اسے قدرتی طریقوں سے ہی حاصل کیا جائے۔

وٹامن ڈی

جسم میں وٹامن ڈی کیلشیم جذب کرنے کی صلاحیت کو بڑھاتا ہے۔ دھوپ میں بیٹھنا وٹامن ڈی حاصل کرنے کا ایک اہم اور آسان طریقہ ہے۔ ایک مخصوص وقت کے لیے جسم پر دھوپ لگانا نہ صرف ہڈیوں کو کیلشیم فراہم کرتا ہے بلکہ یہ جلدی بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔

ورزش

ورزش سے ہڈیوں میں لچک پیدا ہوتی ہے اور وہ مضبوط ہوتی ہیں۔ آپ عمر کے کسی بھی حصے میں ہوں ورزش آپ کی صحت اور تندرستی کے لیے ضروری ہے۔ ورزش اپنے وزن کے حساب سے کریں۔ جسم کو اسٹریچ کریں۔ دوڑ، جاگنگ، چہل قدمی اور رسی کودنے سے جسم چست و توانا رہتا ہے۔

تازہ ترین