• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دین کے بعض ٹھیکیدار ناسمجھ، نبی ﷺ کے متعلق کچھ نہیں جانتے، ان کی حرکتیں تکلیف دیتی ہیں، توہین مذہب کیخلاف عالمی معاہدہ کرائیں گے، پاکستان اسلامی فلاحی ریاست بنے گا، وزیراعظم

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دین کے بعض ٹھیکیدار ناسمجھ ہیں، وہ نبی ﷺ کے متعلق کچھ جانتے نہیں اور ان کی حرکتیں تکلیف دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توہین مذہب کے خلاف عالمی معاہدہ کرائینگے، ہماری حکومت کے مطالبے پر ہالینڈ نے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کیا، وزیراعظم عمران خان نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اسلامی فلاحی ریاست بنے گا، ملک کی تین جامعات میں سیرت النبی ؐ چیئرز قائم کی جائینگی تا کہ نئی نسل اسلامی تاریخ کا مطالعہ کرے، رب العالمین نے حضرت محمدﷺ کو رحمت العالمین کا لقب دیا۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ؐکی زندگی کو پڑھنے سے میرے اندر تبدیلی آئی۔ وفاقی وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام دارا لحکو مت میں منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی رحمت العالمین کا نفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے وسائل نہ ہونے کے باوجود مدینہ کی ریاست بنائی، میں چاہتا ہوں کہ نئی نسل اسلامی تاریخ کا مطالعہ کرے، نوجوان رسول اکرمؐ کی زندگی کو پڑھیں جنہوں نے دنیا بدل دی، پاکستان واحد ملک اسلام کے نام پر بنا، ہمارے آئیڈیل ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہرتھوڑے وقت کے بعد کسی مغرب ملک میں ہمارے نبیؐ کی شان میں توہین کی جاتی ہے، مسلمان غصے میں سڑکوں پر نکلتے ہیں اور توڑپھوڑ ہوتی ہے، مسلمانوں کے دشمن مغرب میں لوگوں کو کہتے ہیں کے اسلام انتشار پھیلاتا ہے اور انہیں اسلام کے خلاف پروپیگنڈہ کا موقع ملتاہے، ہالینڈ میں کسی نے گستاخانہ خاکے بنائے، ہماری حکومت کے مطالبے پر یہ خاکے واپس لئے گئے، ہم نے او آئی سی میں یہ معاملہ اٹھایا، ہمارے وزیرخارجہ نے اقوام متحدہ میں مسئلہ اٹھایا، یورپی یونین کی عدالت نے فیصلہ دیا کہ آزادی اظہار کے نام پر توہین رسالت نہیں کرسکتے، میں نے صوفی بلال ایڈووکیٹ کو اپنا خصوصی ایلچی بنایاہے جو بین الاقوامی قانونی کے ماہر ہیں، وہ دنیا بھر کا دورہ کریں گے اور پاکستان عالمی کنونشن پر دستخط کرائے گا کہ کوئی 100ارب مسلمانوں کی دل آزاری نہ کرسکے۔ کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہا کہ حضور اکرم ؐکے ذکر کی محفل میں شرکت ہم سب کیلئے باسعادت ہے، ان کا ذکرہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

تازہ ترین