• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 21 نومبر ، 2018

ملک بھر میں آقائے دو جہاں ﷺکے جلوسِ میلاد برآمد


محسن انسانیت، آقائے دوجہاں، رحمت اللعالمین، تاجدار انبیاء، سرور کونین، خاتم الانبیاء، امت کے غم خوار نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد کا جشن گلی گلی، قریہ قریہ جاری ہے۔

حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم ولادت پر ملک بھر میں جشن منایا جارہا ہے، ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں میلاد النبی کے جلوس برآمد کئے جا رہے ہیں۔

شہر شہر، قریہ قریہ روشن ہے، فضاؤں میں درود و سلام کی صدائیں گونج رہی ہیں، گھر، گلیاں، محلے، مساجد، شاہراہیں اور عمارتیں رنگ و نور سے جگمگا اٹھی ہیں۔

عید میلاد النبیﷺ پر اسلام آباد میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔

مساجد میں خصوصی محافل کا انعقاد کیا گیا اور دعائیں کرائی گئیں، ملک بھر میں جلوس، ریلیاں اور تقریبات جاری ہیں، مختلف مقامات پر لنگر عام ہورہا ہے جس میں انواع و اقسام کے کھانے کھلائے اور تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

کراچی سے لے کر خیبر تک ملک کا چپہ چپہ رنگ و نور جگمگا رہاہے، حُب رسول سے سرشار عاشقان رسول ملک کے مختلف شہروں میں نعتیہ محافل سجا رہے ہیں، رحمت اللعالمین کو درود و سلام پیش کیا جا رہا ہے۔

عمارتیں روشنیوں سے جھلملا رہی ہیں، اسلام آباد میں پارلیمنٹ سمیت تمام سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

رات گئے لاہور بھی روشنیوں میں نہا گیا، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں بھی ریلیوں اور چراغاں کا اہتمام کیا گیا۔

ملک بھر میں جلسے جلوسوں، ریلیوں، سبیلوں ، محافل میلاد کی سیکیورٹی کا سخت انتظام کیا گیا ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں سے عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی مناسبت سے چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہورہے ہیں۔

لاہور میں بھی مختلف علاقوں سے جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں عاشقان رسول ﷺ کے مختلف جلوس اپنے مقرر کردہ راستوں پرگامزن ہیں۔

راولپنڈی میں بھی جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مرکزی جلوس جامع مسجد روڈ سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے گزر رہا ہے۔

حیدرآباد، سکھر، نواب شاہ، ٹنڈو محمد خان، بدین، ٹھٹھہ، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال جھنگ، پشاور، نوشہرہ، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں بھی جشنِ میلاد النبی صلی اللہ و علیہ وآلہ وسلم شایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے اور جلسے جلوسوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔