• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جشن میلاد النبی ﷺ، نعت و سلام سے فضائیں گونجنے لگیں

رحمت اللعالمین، تاجدار انبیا، سرور کونین، آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت کی خوشی جشن دن کے آغاز کے ساتھ ہی شروع ہوگیا، فضائیں، نعت، درود و سلام سے گونجنے لگیں۔


آقائے دوجہاں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت آج انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔

دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31ت جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔

شہر شہر، قریہ قریہ، گلی گلی میلاد کی محفلیں منعقد کی جارہی ہیں،مختلف شہروں میں جلسے، جلوس اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔

گھروں، محلوں اور عمارتوں پر شب بھر چراغاں رہا، جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے، سرکار دو عالم کے یوم ولادت کی خوشی میں صبح سویرے ہی لنگر کی دیگیں جگہ جگہ تیار ہونے لگیں۔

جشن آمد رسول ہے، آقائے دو جہاں،رحمت العالمین، حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا یوم ولادت ہے،شب بھر ہر طرف چراغاں رہا ،ہر سمت جشن کا سماں ہے۔

ملک بھرمیں عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم مذہبی عقیدت واحترام سے منائی جا رہی ہے،اس موقع پر گھر گھر جشن کا سماں ہے۔

ملک بھر میں عاشقان رسول پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت میں میلاد و نعت خوانی کی محافل کا اہتمام کر رہے ہیں، گلیاں، محلے، بازار،درود و سلام اور ذکر نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے گونج رہے ہیں۔

مختلف شہروں میں عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی جانب سے جگہ جگہ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے ماڈلز بھی نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔

عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس نکالے اور ریلیاں نکالی جائیں گی، جگہ جگہ محافل نعت و میلاد کا انعقاد ہوگا، سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر علمائے کرام روشنی ڈالیں گے۔

اس موقع پر منعقد ہونے والے جلسوں، جلوسوں کے لیے سیکیورٹی کے خاص انتظامات کیے گئے ہیں، اہم سڑکیں جو مرکزی جلوسوں کی گزرگاہیں ہیں انہیں کنٹینر لگا کر ایک رات قبل ہی ٹریفک اور عام آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین