ملک بھر میں جشن ولادت حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم جاری ہے۔سرکاری سطح پر تقریبات کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔ وفاق میں31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی ، فضاتوپوں کی گونج اورنعرہ تکبیراللہ اکبرکےنعروں سےگونج اٹھی۔
صبح بہاراں کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی ،اجتماعی دعاؤں ، قصیدہ بردہ شریف اور درود و سلام سےہوا، اس دن کی مناسبت سے دن کے وقت شہر بھر سے جلوس و ریلیاں برآمد ہوںگی اور میلاد کی محافل اور سیرت النبیﷺ کانفرنس منعقد کی جائیں گی جن سے علماءکرام خطاب کریں گے ۔
کراچی میں 12ربیع الاول کا مرکزی جلوس3بجے سہ پہرجماعت اہلسنت کے زیر اہتمام علامہ شاہ عبد الحق قادری ، حاجی حنیف طیب،مولانا ابرار احمد رحمانی ،علامہ سید مظفر حسین شاہ،ڈاکٹر فرید الدین قادری،سیدعبدالحکیم اشرف جیلانی،شاہ عبد العلیم قادری،مفتی سید احمد علی شاہ سیفی ودیگر علماءمشائخ کی قیادت میں بر آمد ہوگا۔
جلوس ایم اے جناح روڈ اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا نشتر پارک پہنچے گا جہاں عید میلاد النبی کا مرکزی جلسہ شام5بجے شروع ہو گا،حسب روایت ریلیوں اور جلوسوں پر گل پاشی کی جائے گی۔
میلاد مصطفیٰﷺ کی خوشی میں محافل کا انعقاد منگل کی شب سے ہی شروع ہوگیا تھا۔دینی جماعتوں کی جانب سے درود و سلام کی خصوصی محافل منعقد کی گئیں ،پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام لیاقت آباد ڈاکخانے سے میلاد ریلی نکالی گئی جو چھٹن شاہ مزار کھارادرپہنچ کر اختتام پذیر ہوگئی۔