• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روایتی کلاس روم تدریس ہر ایک طالب علم میں تعلیم کا شوق وجذبہ نہیں جگا سکتی، اس لیے ایسے طالب علموں میں علم سے محبت پیدا کرنے کیلئے ایسی فلمیں بھی بنائی گئی ہیں، جن کا موضوع تعلیم و تربیت رہا ہے۔ اس کی سب سے نمایاں مثال عامر خان کی ’’تارے زمین پر‘‘ اور ’’تھری ایڈیٹس‘‘ تھی، جنہوں نے باکس آفس پر کامیابیوں کے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے مصوری اور انجینئرنگ کی تعلیم میں طالب علموں کے ذوق کو مہمیزدی۔ اس کے علاوہ ہالی ووڈ نے سائنس فکشن فلموں کے ذریعے سائنس سے محبت کا عوامی شعور اُجاگر کیا۔ آج ہمارے پاس پروجیکٹرز اور اسکرینز کے ساتھ اسمارٹ کلاس رومز موجود ہیں، جہاں اساتذہ طالب علموں کو ہالی ووڈ کی متاثر کن تعلیمی فلمیں دکھا کر ان کے جذبۂ شوق کو بڑھا سکتے ہیں۔ ہالی ووڈ کی چند تعلیمی فلموں کا ذکر کرتے ہیں، جن کے ذریعے آپ کو بہت کچھ سیکھنے کو مل سکتا ہے۔

(Good will Hunting (1997

رابن ولیمز، بین ایفلیک، میٹ ڈیمن اور اسٹیلن اسکارس کارڈ جیسی شاندار کاسٹ پر مبنی اس امریکی فلم کو ایفلیک اور میٹ ڈیمن نے تحریر کیا۔20سالہ نوجوان کا مرکزی کردار میٹ ڈیمن نے ادا کیا۔ ہیرو کو ریاضی اور کیمیا کے مضامین میں قدرتی ذہانت حاصل ہوتی ہے لیکن اس کی یہ صلاحیت کوئی جان نہیں پاتا۔ بچوں میں موجود پوشیدہ صلاحیتوں کو آشکار کرنے میں یہ فلم مرہم سی تاثیر رکھتی ہے۔

(The Paper Chase (1973

اس فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کبھی کبھی سیکھنے کے لیے ہمیں اپنا موڈ بھی بنانا پڑتا ہے۔ یہ جیمز ٹی ہارٹ کی سخت محنت اور مطالعے پر مبنی کہانی ہے، جنہیں ہارورڈ میں اپنے پہلے سال کے دوران کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ ترغیب اور حوصلہ پانے میں دُشواری پیش آنے والے طالب علموں کے لیے اسے تحفہ جانیے۔

(The Great Debaters (2007

ڈیزل واشنگٹن کے مرکزی کردار پر مبنی یہ متاثرکن امریکی فلم 2007ء میں ریلیز ہوئی، جسے بذات خود ڈیزل واشنگٹن نے ڈائریکٹ کیا اور اس فلم کی پروڈیوسر اوپرا ونفرے تھیں۔ یہ فلم ولی کالج ڈیبیٹ ٹیم کے بارے میں لکھے گئے مضمون پر مبنی تھی۔ اساتذہ کی تربیت پر مبنی اور کوچ میلوِن بی ٹولسن کی حقیقی کہانی پر مشتمل اس فلم میں ایسے استاد کی داستان بیان کی گئی ہے ،جس نے اپنے طالب علموں کو چیلنج دیا کہ وہ ہارورڈ ڈیبیٹنگ چیمپئن شپ میں مقابل ٹیم کوہرا کر دکھائیں تو کوئی بات ہے۔ یہ فلم اسکول اور کالج کے طلباء میں مطالعے کا شوق بڑھاتی ہے اور وہ اپنے استاد کو متاثر کرنے کے لیے عظیم مباحث میں حصہ لے کر فاتح قرار پاتے ہیں۔

(2008) 21

21 امریکن فلم ہے، جسے رابرٹ لیوکیٹک نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ یہ فلم ایم آئی ٹی بلیک جیک ٹیم کی حقیقی زندگی پر مبنی ہے۔ اس فلم کی کہانی بیسٹ سیلر بُک ’بین میزرِچ‘ کی حقیقی کہانی پر مبنی ہے۔ ایک باصلاحیت طالب علم ہارورڈ یونیورسٹی میں داخل ہوتا ہے اور اسکالرشپ کے لیے منفرد تجربہ کرتا ہے۔ اس حقیقت کو دیکھتے ہوئے کہ گزشتہ برس یہ اسکالرشپ کوریا سے تعلق رکھنے والےٹانگوں سے محروم طالب علم نے حاصل کی تھی۔ یہ ٹاسک کسی طرح آسان نہیں تھا۔ خوش قسمتی سے اس طالب علم کی ریاضی کے ٹیچر سے ملاقات ہوتی ہے اور ایک غیرمعمولی ڈیل سامنے آتی ہے۔ جو طالب علم اپنے اساتذہ سے بات کرتے ہوئے جھجکتے ہیں، ان کے لئے یہ فلم انتہائی متاثرکن اور حوصلہ افزا ہوگی۔

(The Social Network (2010

دی سوشل نیٹ ورک، ایرون سورکن کی تحریر کردہ امریکن ڈراما فلم ہے، جسے 2010ء میں ڈیوڈ فنچر نے ڈائریکٹ کیا۔ اس متاثر کن فلم میں مارک زوکر برگ کے بحیثیت ہارورڈ اسٹوڈنٹ سے ملٹی ملین سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’فیس بک‘ کے قیام تک کی زندگی کے حالات کو بیان کیا گیا ہے۔

(Educating Rita (1983

ایجوکیٹنگ ریٹا، لیوس گلبرٹ کی جانب سے ہدایت کردہ برٹش ڈرامہ کامیڈی فلم ہے۔ اس کا اسکرین پلے ولی رسل نے لکھا، جو1980ء کے اسٹیج پلے پر مبنی تھا۔ یہ فلم محنت کش خاندان سے تعلق رکھنے والی’’ریٹا‘‘ نامی ایک لڑکی کے دُکھ پر مبنی ہے، جس کے شوہر کا سارا زور اس بات پر ہوتا ہے کہ وہ اپنی تعلیمی جستجو چھوڑ دے۔ لیکن ریٹا کا اس بات پر کامل یقین ہے کہ غربت کے دنوں میں بھی علم سے محبت کی شمع روشن رہےگی۔ نامساعد حالات میں گھرے بے سہارا طالب علموں کے لیے ریٹا رول ماڈل بن سکتی ہے۔

تازہ ترین