• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمپیوٹر کسی نہ کسی شکل میں سبھی کی دسترس میں ہے، اگر ہم اپنے موبائل فون کو دیکھیں تو یہ بھی کمپیوٹر ہی ہے۔ کمپیوٹرکی وجہ سے ہماری زندگی بہت آسان ہوچکی ہے، اس کی وجہ سے آج مواصلات سے لے کر تصویر کشی اور ویڈیو پروڈکشن سے لے کر گرافک ڈیزائننگ اور اینیمیشن تک زندگی کے ہر شعبے میں انقلاب آچکا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں جامعات اور انسٹیٹیوٹ کمپیوٹر کی تعلیم دے رہے ہیں اور سرٹیفکیٹ، ڈپلوما، بیچلر اور ماسٹر ڈگری کے مختلف کورسزکروارہے ہیں۔ نجی شعبے میں بے شمار کمپیوٹر انسٹیٹیوٹ ہیں، جہاں کمپیوٹر پروگرامنگ اور ڈیٹا انٹری آپریٹر کے ایک سال، چھ ماہ اورتین ماہ کے سرٹیفکیٹ کورسز کروائے جاتے ہیں۔ عام طور پر یہ انسٹیٹیوٹ متعلقہ صوبے کے بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سے منظور شدہ ہوتے ہیں۔

سرٹیفکیٹ کورسز

ملک کے بڑے شہروں میں کمپیوٹر کی تعلیم کے لیے نجی و نیم سرکاری ادارے مندرجہ ذیل شعبوں میں3ماہ سے ایک سال تک کی میعاد کے سرٹیفکیٹ کورسز کی تربیت فراہم کرتے ہیں۔

1۔کمپیوٹر آپریٹر 2۔کمپیوٹر کونسیپٹ 3۔کمپیوٹر پروگرامنگ4۔ایڈوانس ٹریننگ اِن کمپیوٹر پروگرامنگ

ان کورسزمیں داخلے کے لیے بنیادی اہلیت دسویں یا بارہویں جماعت کے امتحان میں کامیابی ہے۔ کمپیوٹر کی تعلیم کے معیاری اداروں میں داخلے سے پہلے میلانِ طبع کا امتحان ہوتا ہے اور صرف انہی امیدواروں کو داخلہ دیا جاتا ہے، جنھوں نے یہ امتحان کامیاب کیا ہو۔

ڈپلومہ کورسز

کمپیوٹر سائنس میں ایک سال یا دو سال کا ڈپلوما کورس، صوبائی ٹیکنیکل بورڈ سے منظور شدہ اداروں میں کروایا جاتا ہے۔ اس کورس کی تکمیل کے بعد امیدوار، کمپیوٹر کی مختلف لینگویجز اور ان کے استعمال سے واقف ہوجاتا ہے۔ وہ کمپیوٹر پروگرام تیار کرنے کے قابل ہوجاتا ہے، ساتھ ہی اپنے ادارے کے لیے موزوں کمپیوٹرکا انتخاب کرسکتا ہے اور مائیکرو کمپیوٹر کو بخوبی استعمال کرسکتا ہے۔ اس کورس میں داخلے کے لیے امیدوار کو کم از کم بارہویں جماعت پاس ہونا چاہیے۔ چند اداروں میں داخلے سے پہلے میلان طبع کا امتحان ہوتا ہے اور کامیاب ہونے والے امیدواروں کو ہی داخلہ دیا جاتا ہے۔

بی ایس سی کمپیوٹرسائنس

کمپیوٹر سائنس میں تین سال کا ڈگری کورس ملک کی مختلف جامعات میں کروایا جاتا ہے۔ تین سالہ ڈگری کورس کی کامیاب تکمیل پر بی ایس سی کمپیوٹر سائنس کی سند دی جاتی ہے۔ کمپیوٹر سائنس میں بی ایس سی کے لیے داخلہ اہلیت کی بنیاد پر ہوتا ہے۔

بنیادی اہلیت انٹرمیڈیٹ (سائنس، آرٹس، کامرس) سیکنڈ ڈویژن جبکہ ریاضی میں45فی صد یا اس سے زیادہ نمبروں کے ساتھ کامیابی درکار ہے۔ امیدواروں کو داخلے کا امتحان کامیاب کرنا ہوتا ہے۔ اس امتحان میں کامیاب امیدواروں کا انٹرویوہوتا ہے۔

بی ای کمپیوٹر ٹیکنالوجی

بی ای کمپیوٹر ٹیکنالوجی میں داخلے کے لیے امیدوار کی بنیادی اہلیت بارہویں جماعت میں پری انجینئرنگ کے مضامین میں کامیاب ہونا ہے۔ داخلہ میرٹ کے علاوہ مختلف طبقوں کی مخصوص نشستوں پر ہوتا ہے۔ کمپیوٹر سائنس میں بی ای کی سند کے حاصل کرنے والے نوجوان کمپیوٹر ہارڈ ویئر سے متعلق امور انجام دیتے ہیں، جن میں کمپیوٹر کی ڈیزائننگ، آپریشن، دیکھ بھال اور مرمت، تنصیب، خرید و فروخت کے امور شامل ہیں۔

ایم ایس سی کمپیوٹر سائنس

کمپیوٹر سائنس کا نصاب سافٹ ویئر سے متعلق امور پر مشتمل ہوتا ہے، جس میں کمپیوٹر کا تعارف، ان کی مختلف اقسام، کمپیوٹر لینگویجز، ان کے پروگرام اور نظری و عملی مضامین شامل ہیں۔داخلے کے لیے بنیادی اہلیت کمپیوٹر سائنس، ریاضی، شماریات اور طبیعیات میں سے کسی ایک مضمون میں بی ایس سی کیا جانا ہے۔ دیگر مضامین میں بی اے، بی ایس سی اور بی کام کی سند کے حامل ایسے امیدوار بھی داخلے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، جنھوں نے ریاضی میں سرٹیفکیٹ کورس کیا ہو یا شماریات میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما کر رکھا ہو۔ بی ای اور بی ٹیک کے گریجویٹس بھی داخلے کے لیے رجوع کرسکتے ہیں۔ داخلہ اہلیت کی بنیاد پر ہوتا ہے اور داخلے سے پہلے امیدوار کے لیے میلانِ طبع کا امتحان کامیاب کرنا ضروری ہے۔

ذاتی صلاحیتیں

کمپیوٹر سے متعلق کسی بھی پیشے میں کام کرنے والے شخص میں چند بنیادی صلاحیتوں کا ہونا ضروری ہے۔ سب سے بنیادی بات یہ ہے کہ اس کا ذہن منطقی ہو اور وہ محنت کا عادی ہو۔ کی پنچ آپریٹر سے سسٹمز انالسٹ اور انجینئرنگ تک کے لیے یہ دو بنیادی صلاحیتیں لازمی ہیں۔ اس کے علاوہ پروگرامنگ اور سسٹم انالسس کے شعبوں میں کام کرنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ تخلیقی صلاحیت کے حامل ہوں اور مستقبل کی ضروریات کا اندازہ کرکے پروگرام اور سسٹمز تیار کرنے کی اہلیت رکھتے ہوں، نئے خیالات وضع کرسکتے ہوں، پیچیدہ مسائل کا ممکنہ حل تلاش کرسکتے ہوں، نظم و ضبط کے ساتھ کام کرنے کے عادی ہوں، اپنی بات دوسروں تک عام فہم انداز سے پہنچاسکتے ہوں اور اپنے رفقائے کار سے درپیش مسائل اور متعلقہ موضوعات پر کھل کر پر بات کرسکتے ہوں۔

تنخواہیں

کمپیوٹر کے مختلف شعبوں میں معقول تنخواہیں دی جاتی ہیں۔ تنخواہ کا دار و مدار بنیادی طور پر ادارے اور متعلقہ فرد کی اہلیت پر ہوتا ہے۔

تازہ ترین