• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیس بندش سے ٹرانسپورٹ ،انڈسٹریز متاثر،چولہے ٹھنڈے، زندگی اجیرن

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے مارننگ پروگرام ’’جیو پاکستان ‘‘میں کہا گہا کہ گیس بندش سے پبلک ٹرانسپورٹ کے علاوہ انڈسٹریز بھی شدید متاثر ہیں،چولہے ٹھنڈے پڑ گئے، زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی۔ ماہر تعلیم، کیرئر کونسلر سید عابدی نے کہا کہ مارپیٹ سے بچے کا تعلیمی کریئر خراب ہو جاتا ہے۔ماہر قانون شاہ خاورنے بتایا کہ پاک پتن اوقاف اراضی کیس میں تحقیقات آسان نہیں۔اردو کے منفرد شاعر جون ایلیاکو یوم پیدائش پرخراج عقیدت پیش کیا گیا۔وزیرتوانائی سندھ امتیاز شیخ ،مسلم لیگ ن کے رہنماءراناثنااللہ، سماجی کارکن فوزیہ سعید،پیرنٹس ایوسی ایشن کے رکن فیصل صدیقی نے بھی گفتگو میں حصہ لیا۔ ماہر قانون ایڈوکیٹ شاہ خاور نے کہا کہ پاک پتن اوقاف اراضی کیس میں نوازشریف کے خلاف جے آئی ٹی بنا دی گئی ہے لیکن واقعہ 1985کا ہے تحقیقات کے مراحل اتنے آسان نہیں ہوں گے،اگر جے آئی ٹی یہ ثابت کردیتی ہے کہ اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب نے اختیارات سے تجاوزکرتے ہوئے اراضی منتقل کی تو یقینا میاں نوازشریف کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔ماہر تعلیم، کیرئر کونسلر سید عابدی نے کہا کہ ریسرچ کے مطابق مارپیٹ سے بچے کا تعلیمی کریئرخراب ہوجاتا ہے اس کی خاندانی زندگی پر بھی منفی اثرات پڑتے ہیں اساتذہ کوسختی کے بجائے بچوں کو پیار سے تعلیم کی طرف راغب کرنا چاہئے حکومت اس حوالے سے پورے ملک میں قانون سازی کرے تا کہ پاکستان میں جدید معاشروں کی طرح تعلیمی ماحول پیدا ہوسکے۔وزیرتوانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا کہ سندھ میں گیس کی بندش نے شہریوں کی زندگی مشکلات میں ڈال دی پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر، انڈسٹری بند، گھروں کے چولہے بھی ٹھنڈے ہوچکے ہیں، سندھ کی گیس سندھ میں ہی استعمال ہونی چاہئے۔ اگر ایل این جی درآمد کرنے کے باوجود گیس کی کمی پوری نہیں ہورہی تو اس کی ذمے دار مرکزی حکومت ہے۔نجی اسکولوں کوجون جولائی کی 50فیصد فیس واپس کرنے کے عدالتی حکم پر اظہار مسرت کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنماءراناثنااللہ نے فیصلے پراطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پی اے سی کا سربراہ اپوزیشن لیڈر کو برقرار رکھنے کا فیصلہ خوش آئند ہے مثبت فیصلوں کا بغیر احتجاج کے ہونااچھا شگون ہوتا ہے۔جیو نیوز کے نمائندے علی عمران سید کا کہنا تھاکہ سندھ میں گیس کا بحران ہے پبلک ٹرانسپورٹ دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے رکشہ اور ٹیکسی کے کرایوں میں 2سے 3گناہ اضافہ ہوگیا ہے۔پروگرام کے آخر میں اردو کے منفرد شاعرجون ایلیاکو ان کے پیدائشی دن پر یاد کیا گیا جون ایلیا 14دسمبر1937 کو امروہہ میں پیدا ہوئے اصل نام سیدجون اصغر تھا ۔سن 2000میں معروف شاعر کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا جون ایلیانے 1957میں پاکستان میں ہجرت کی اور 8نومبر2002کو طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئے۔
تازہ ترین