بھارت کی میوزک انڈسٹری میں دو دہائیوں سے اپنی گلوکاری کے جوہر دکھانے والے سنگر سونو نگم ان دنوں بھارتی گلوکاروں کے لئے بالی ووڈ میں مشکل دور پر نالاں نظر آتے ہیں۔
بالی ووڈ کو ’’کل ہو نا ہو‘‘ جیسے بے شمار مقبول گیت دینے والے سونو نگم کو آہستہ آہستہ کم گانے مل رہے ہیں اور وہ اپنی اس حالت زار کا ذمہ دار بالی ووڈ میں پاکستانی گلوکاروں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو ٹھہراتے ہیں۔
سونو نگم کا کہنا ہے کہ بعض اوقات میں خواہش کرتا ہوں کہ میں پاکستان سے ہوتا تو مجھے بھی بھارت سے آفرز ملتیں۔
سونو نگم نے انکشاف کیا کہ شوز میں گانے کے لئے بھارتی گلوکار میوزک کمپنیوں کو ادائیگی کرتے ہیں جبکہ عاطف اسلم اور مقبول سنگر راحت فتح علی سے کبھی ادائیگی کا نہیں کہا جاتا۔
واضح رہے کہ ان دنوں پاکستانی گلوکاروں خصوصاً راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم کے گانے بھارت کافی پسند کیے جاتے ہیں اور دونوں گلوکار بالی ووڈ کی کئی کامیاب ترین فلموں میں اپنی گلوکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔