• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق، 5 ملزمان گرفتار

کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا اور پی آئی بی میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 2افراد جاں بحق ہو گئے۔

بہادر آباد میں بھتہ لینے والے دو ملزمان پکڑے گئے، فیروز آباد اور سکھن سے خاتون سمیت 3 ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ کر کے قاسم نامی شخص کی جان لے لی گئی جبکہ پی آئی بی میں فائرنگ سے ماجد نامی شخص مارا گیا، پولیس کا دعویٰ ہے کہ یہ واقعہ ذاتی دشمی کا نتیجہ ہے۔

بہادر آباد سے پولیس نے نجی کمپنی کے مالک محمد علی سے مبینہ بھتہ وصول کرنے والے دانش اور محمود کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان کے قبضے سے 50 ہزار روپے بھی برآمد کر لیے گئے، پولیس کے مطابق ملزمان خود کو حساس ادارے کا افسر بتاتے تھے۔

ملیر سٹی کے علاقے سے پولیس نے اسٹریٹ کرمنل شمن گل کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا، ملزم گل بہار، تیموریہ، رضویہ سمیت دیگر تھانوں میں مطلوب تھا۔

بھینس کالونی نمبر 8 پر گٹکے کے کارخانے پر چھاپہ مارا گیا اور کارخانے کے مالک رضوان کو تیار گٹکے اور خام مال سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس نے فیروز آباد میں کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں کام کے بہانے لوٹ مار کرنے والی ملزمہ کوثر کو گرفتار کر لیا۔

ملزمہ کے قبضے سے لوٹے گئے سونے کے لاکھوں روپے کے زیورات اور ڈائمنڈ سیٹ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین