• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاپ ، راک اورفوک گانوں میں اپنی آواز،شاعری اور موسیقی سے سُر بکھیرنے والے نیل ڈائمنڈ ،جو2011ء میں ’راک این رول ہال آف فیم‘ اور2018ء میں گریمی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں۔77سالہ نیل ڈائمنڈ کا نام اپنے سدابہار گانے’’سولٹری مین‘‘ کے باعث پاپ میوزک میں ہمیشہ یاد رہے گا، جسے دیگر کئی گلوکاروں نے بھی گایا لیکن اصل کی نقل نہیں ہوسکی۔ دنیا بھر میں ان کے 120ملین سے زائد گانوں کے ریکارڈز فروخت ہوچکے ہیں۔1995ء میں نیویارک یونیورسٹی نے انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی سند دی، جس پر انہوں نے کہا کہ اگر میں گلوکار نہ ہوتا تو ڈاکٹر ہوتا۔ دولت اور شہرت کی دیوی ان پر مہربان رہی،اس لیے وہ رہائش بھی عالیشان رکھتے ہیں۔

ملیبو بیچ لگژری ہوم

امریکن کاؤنٹی لاس اینجلس سے 45منٹ کی دوری پر واقع جنوبی کیلی فورنیا کےدلکش ساحلی شہر ملیبو( Malibu)کی طرف جائیں تو یہاں آپ کو مشہور و معروف ساحل نظر آئے گا۔ اس سے آگے جائیں گے تو خاص الخاص اینسنل بلفس (Encinal Bluffs ) میں داخل ہوں گے، جسے ہالی ووڈ گلیمر کی وجہ سے ہالی ووڈ پیراڈائز کہا جاتا ہے۔یہیں آپ کوپیسفک کوسٹ ہائی وے کے مقابل ملیبو کےشمال مغرب کی جانب دور افتادہ مقام پر بلیو وھیل اسٹیٹس نامی اوشین فرنٹ گیٹڈ کمیونٹی نظر آئے گی۔ اس کے اندرپہاڑی پر نیل ڈائمنڈ کا پانچ بیڈ رومز،سات باتھ رومز اور سوئمنگ پول پر مشتمل انتہائی عالیشان گھر موجود ہے، جسے انھوں نے 7.25ملین ڈالر میںخریدا تھا اوریہ ان کی نفاست کی منہ بولتی تصویر ہے۔ بہترین ساحلوں کی اس سرزمین کو ساحل پر تفریح کے لیے آنے والے سیاحوں کی جنت کہا جاتا ہے۔ اینسینل بلفس اور اینسینل کینیون ایریا مشہور لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔یہاں پر مقیم معروف سیلیبرٹیز میں نکولس کیج اور ڈزنی سی ای اومائیکل آزنر شامل ہیں جبکہ جولیا رابرٹس اور براڈ پٹ نے حال ہی میں اپنا گھر فروخت کیا ہے۔ نیل نے کا یہ گھر 1996ء میں تعمیر کیا گیا تھا اور یہ 4,692مربع اسکوائر فٹ رقبے پر محیط ہے۔ خوبصورت ساحل کا نظارہ آنکھوں کو سکون اور روخ کو تروتازہ کردیتا ہے۔

محرابی طرز تعمیر اور شیشے کا استعمال

نیل ڈائمنڈ کے اس خوبصورت گھر کو کسی بھی زاویے سے دیکھا جائے تو خوبصورت بیرونی منظر کے ساتھ محرابی و تکونی طرزِ تعمیر اور دروازوں،کھڑکیوں پر شیشے کا دانش مندانہ استعمال روشنی کا بہترین امتزاج پیش کرتا ہے۔ شیشوں کی بدولت ہر کمرے سے ساحل سمند کا خوبصورت نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے۔

گھر کی خاص خوبیاں

گھر کی خاص خوبیوں کی بات کریں تو اوپن فلور پلان کے ساتھ کشادہ کمرے،کچن، ڈائننگ روم اورماسٹر بیڈ روم سب سے نمایاں ہیں۔ ماسٹر بیڈ روم کے شیشوں کے پار ساحل کا خوبصورت منظر دیدنی ہوجاتا ہے۔ اس کے علاوہ چار اضافی بیڈ رومز بھی ہیں۔ بیرونی سمت ایک وسیع آنگن بناہوا ہے، جہاں بیٹھ کر اخبار پڑھتے ہوئے چائے کافی سے لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔ انفنٹی پول، اسپا اور باربی کیو ایریا بھی ساتھ ہی بنا ہے، جہاں ڈنر پارٹی کرکے مہمانوں کے ساتھ غروب ہوتے سورج کی لالی سے حظ اٹھایا جاتا ہے۔ اس کی اہم خوبی یہ ہے کہ اس گھر سے ساحل تک رسائی نہایت آسان ہے۔

تعمیراتی ڈیزائن اور اسٹرکچر

دور افتادہ مقام پر شور و غل سے دور، ساحلِ سمندر کے مقابل نیل ڈائمنڈ کے دو منزلہ لگژری گھر کا تعمیراتی ڈیزائن اور سفید نیلگوں رنگ خوبصورت منظر پیش کرتا ہے۔ جب آپ پتھرسے بنے فرشی راستے سے آگے بڑھتے ہیں تو سب سے پہلے شیشے کا مرکزی دروازہ خوش آمدید کہتا ہے۔ اسے کھول کر جب اندر آتے ہیں تو کشادہ کمرہ محرابی و قوسی چھت اور شیشے کی دیواروں کے دلفریب نظارے آنکھوں کو خیرہ کردیتے ہیں۔ یہاں سے سلائیڈنگ ڈور بالکنی اور پول ایریا کی طرف کھلتے ہیں۔اس گھر میں باورچی خانے کی زیبائش کرتے ہوئے کشادگی اور سادگی کا بہت خیال رکھا گیا ہے۔ فرنیچر سیٹنگ اس طرح کی گئی ہے کہ جگہ کی کمی نظر نہ آئے۔ ساحلی گھروں کا تعمیراتی ڈیزائن اور ان کی آرائش میں ساحلی طرز نہ جھلکے تو بات نہیں بنتی، اس لیے نیل ڈائمنڈ کے گھر میں آپ کو وہ تمام لوازمات ملیں گے، جو کسی بھی ساحل پر تعمیر شدہ گھر کا خاصا ہونے چاہئیں۔ گھر کا سفید نیلگوں رنگ اس کی خوبصورت عکاسی کرتا ہے۔ یہاں ایک دفتر بھی بنایا گیا ہے، جسے کم مگر اعلیٰ فرنیچر سے اس طرح سجایا گیا ہے کہ یہاں آنے والے نفاست کی تعریف کی بغیر نہ رہ سکیں۔ گھر میں ایک چھوٹا جم بھی موجود ہے، جہاں نیل ڈائمنڈ ورزش کرتے ہیں۔ اس میں ایک خفیہ راستہ بھی بنا ہوا ہے، جہاں سے ساحل تک پہنچا جاسکتا ہے۔ پیسفک سمندر جہاں نیلگوں منظر پیش کرتا ہے،وہاں ملیبو کے ساحل پر بنا یہ تکون نما اسٹرکچر اپنے تعمیراتی ڈیزائن کے حوالے سے کسی شاہی بنگلے کی مانند لگتا ہے۔

تازہ ترین