• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انوپم کھیر کو ’حادثاتی وزیر اعظم ‘ بننا مہنگا پڑ گیا

بھارت کے معروف اداکار انوپم کھیر کو نئی آنے والی فلم' ’دی ایکسیڈینٹل پرائم منسٹر ‘ میں سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ کا کردار ادا کر نا مہنگا پڑگیا، ان کے خلاف اعلیٰ شخصیات کا امیج خراب کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔


سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ’ دی ایکسیڈینٹل پرائم منسٹر ‘ کے ٹریلر کی ریلیز کے بعد سے ہی بھارت میں ایک تنازع کھڑا ہو گیا۔فلم میں من موہن سنگھ کے 10سالہ دور حکومت اور کانگریس پر گاندھی خا ندان کی گرفت سے لے کر کئی اندرونی کہانیوں سے پردہ اٹھایا گیا ہے۔

بہار کی عدالت میں اداکار انوپم کھیر اور فلم کے دیگر لوگوں کے خلاف درخواست دائر کرتے ہوئے درخواست گزار وکیل سدھیر کمار اوجھا نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انوپم کھیر جنہوں نے من موہن سنگھ کا کردار ادا کیا اور اکشے کھنا جنہوں نے ان کےمیڈیا ایڈوائزرسنجے باروکی کا کردار ادا کیا ہے، دونوںنے ان اعلیٰ شخصیات کا امیج خراب کرنے کی کوشش کی ہےجس کی وجہ سے میری اور دوسرے کئی لوگوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوسرے اداکار جنہوں نے سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور پریانکا وادرا کا کردار ادا کیا ، انہوں نے بھی یہ کردار ادا کر کے اہم شخصیات کا غلط امیج عوام کے سامنے پیش کیا ہے۔انہوں نے فلم کے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کے خلاف بھی شکایت کی ہے۔

واضح رہے انوپم کھیر نے چند روز قبل ایک انٹرویو میں اس فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے پر آسکر ایوارڈ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ میرے خیال میں اس فلم کے بعد بھارت کو اکیڈمی ایوارڈز میں داخل ہو جانا چاہئے اور مجھے میری کارکردگی پر آسکر کے لئے نامزد کیا جانا چاہئے۔‘

تازہ ترین