• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ای سی ایل سے نام نہ نکالنا غلط، تحریری فیصلے کا انتظارضروری،تجزیہ کار

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ کابینہ کا سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود پی پی رہنماؤں کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنا اقتدار کا نشہ ہے، کابینہ کا قانونی جواز ٹھیک ہے کہ بلاول اور مراد علی شاہ کے نام نکالنے کیلئے تحریری فیصلے کا انتظارکیا جائے۔ان خیالات کا اظہار بابر ستار، ریما عمر، ارشاد بھٹی، حفیظ اللہ نیازی اور سلیم صافی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے پہلے سوال بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ فی الوقت موخر کرنے کا فیصلہ، سپریم کورٹ کے تحریری فیصلے کا انتظار کیا جائے گا، وفاقی کابینہ ارکان کی رائے، جب سپریم کورٹ پی پی رہنماؤں کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے چکی ہے تو حکومت ان کا نام لسٹ میں رکھنے پر کیوں مُصر ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے ارشاد بھٹی نے کہاکہ کابینہ کا سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود پی پی پی رہنماؤں کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنا اقتدار کا نشہ ہے، سپریم کورٹ کل دوبارہ ان کی عزت افزائی کرے گی تو سارے احکامات پر عمل کررہے ہوں گے۔بابر ستار کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں لوگوں پر دباؤ ڈالنے کیلئے ای سی ایل کا غلط استعمال کیا جاتا ہے، قانونی طور پر عدالت کا آرڈر وہ ہوتا ہے جس آرڈر پر سائن ہو، جب تک عدالت کا آرڈر نہیں آتا کابینہ کو نہیں پتا چلے گا کہ عدالت نے بلاول اور مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق کیا کہا ہے، کابینہ کا یہ قانونی جواز ٹھیک ہے کہ بلاول اور مراد علی شاہ کے نام نکالنے کیلئے تحریری فیصلے کا انتظارکیا جائے۔سلیم صافی نے کہا کہ پی ٹی آئی معاملات کو متنازع بنا کر ملک کے اصل مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے، عمران خان عدلیہ سے زلفی بخاری کا بدلہ لینا چاہتے ہیں، آج عدالت میں راؤ انوار کا کیس تھا جس پر چار سوانسانوں کو ماورائے عدالت قتل کرنے کے الزام تھا، نقیب اللہ محسود کی چھوٹی چھوٹی بچیاں آج انصاف مانگنے سپریم کورٹ آئی تھیں، راؤ انوار کیوں آزاد دندناتا پھر رہا ہے ریما عمر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت اپوزیشن کو ختم کر کے سنگل پارٹی حکمرانی چاہتی ہے، سپریم کورٹ کی جے آئی ٹی رپورٹ پر آبزرویشن پی ٹی آئی کیلئے شرمندگی کا باعث بن گئی ہیں اس لئے وہ آخر تک اس فیصلے پر فائٹ کریں گے۔

تازہ ترین