• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علیمہ کی امریکا میں جائیداد،حکومت واضح موقف نہیں دے رہی،تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر قانون سلمان اکرم راجہ نے کہا ہےکہ سپریم کورٹ میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف نیب کی اپیل کا فیصلہ دو دن میں ہوسکتا ہے، سپریم کورٹ نے سوالات کا تعین کرلیا ہے یہاں شہادت کو گہرائی میں نہیں پرکھنا ہے بلکہ یہ معاملہ بادی النظر والا ہے، سپریم کورٹ ایون فیلڈ کی اپیل میں کسی قانونی نکتے کا فیصلہ کرتی ہے تو اس کا اثر العزیزیہ کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر بھی ہوگا۔ میزبان شاہزیب خانزادہ نےتجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان نے امریکا کی جائیداد کب، کیسے اور کیوں ظاہر کی اس حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آرہی ہیں۔ اپوزیشن اس معاملہ پر وزیراعظم عمران خان پر تنقید کررہی ہے لیکن حکومت کوئی واضح موقف نہیں دے رہی ہے، اپوزیشن اس معاملہ میں ایسا کیس بنانے کی کوشش کررہی ہے جس میں دو بہت معتبر اور غریبوں کیلئے زبردست کام کرنے والے اداروں پر بھی سوال اٹھارہی ہے، علیمہ خان پبلک آفس ہولڈر نہیں مگر جس پوزیشن پر رہی ہیں وہ حکومت کیلئے مشکلات کا باعث بن سکتی ہیں، وزیراعظم عمران خان کی لندن کی جائیداد ایک آف شور کمپنی نیازی سروسز کی ملکیت میں تھی جس کی علیمہ خان بھی ڈائریکٹر رہی ہیں، اس کے علاوہ علیمہ خان وزیراعظم عمران خان کیلئے انتخابی مہم بھی چلاتی رہی ہیں، تحریک انصاف کا یہ موقف بہرحال درست ہے کہ شوکت خانم اور نمل جیسے اداروں کومتنازع نہ بنایا جائے کیونکہ یہ دونوں ایسے ادارے ہیں جو پاکستان کے دوسرے اداروں کیلئے کسی رول ماڈل سے کم نہیں ہیں، ن لیگ بار بار ان اداروں پر کرپشن کے الزامات لگاتی رہی مگر آج تک ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت نہیں کرسکتی اور اب تک یہ پاکستان کے بہترین ادارے تصور کیے جاتے ہیں، علیمہ خان ان دونوں اداروں کے بورڈ آف گورنرز کی رکن ہیں، ان بہترین اداروں میں ایسی پوزیشن رکھتے ہوئے علیمہ خان کا دبئی کی جائیداد کا ظاہر نہ کرنا، پھر اس پر جرمانہ دینا، اس کے بعد امریکا کی جائیداد 14سال ظاہر نہ کرنا اور پھر 2018ء میں ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھا کر ظاہر کرنا ان دونوں باصلاحیت اور باوقار اداروں پر اپوزیشن کو بغیر کسی ثبوت کے انگلیاں اٹھانے کا موقع فراہم کررہا ہے اور ان کی ساکھ کو متاثر کرسکتا ہے جو غریب آدمی کا نقصان ہوگا جس کا علاج شوکت خانم جیسے بہترین اسپتال میں ہوتا ہے اور جس کا بچہ نمل جیسی بہترین یونیورسٹی میں پڑھتاہے، اگر علیمہ خان نے غیرقانونی کام کیا، ٹیکس بچایا، پراپرٹی چھپائی تو حکومت کو واضح موقف اپنانا ہوگا۔ شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ نیب کے خلاف اب حکومت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں، شکایات سامنے آرہی ہیں خود وزراء بھی یہ سمجھ رہے ہیں کہ نیب استعمال ہورہا ہے، وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کے بعد اب پنجاب کے وزیربلدیات علیم خان نے بھی نیب کی انکوائری کے حوالے سے سوالات اٹھائے ہیں۔

تازہ ترین