• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقا کے 135 پر 5 کھلاڑی آؤٹ، برتری 212 رنز

جنوبی افریقا نے تیسر ے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 5 وکٹ پر 135 رنز بنالئے ہیں اور اسے پاکستان پر 212 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان جوہانسبرگ میں کھیلا جارہا تیسرا ٹیسٹ میچ تیزی سے فیصلہ کن مرحلے کی طرف بڑھ رہا ہے۔

میچ کے دوسرے دن پاکستان کرکٹ ٹیم نے حالیہ سیریز میں جنوبی افریقا کے خلاف پہلی اننگز میں 200 سے کم رنز کرنے کی اپنی روایت جاری رکھی،گرین کیپ 185 رنز تک محدود رہی۔

پہلی اننگز کے اسکور پر 77 رنز کی برتری کے بعد جنوبی افریقا کے ڈین ایلگر اور ایڈم مرکرم نے اننگز کاآغاز کیا،ڈین ایلگر 5 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جبکہ ایڈم مرکرم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 21 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

ڈی بریون 7 اور زبیر حمزہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جب ہ 93 کے مجموعی اسکور پر باووما بھی 23 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بن گئے۔

5 کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کوک نے پاکستانی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو ہاشم آملہ 42 اور کوئنٹن ڈی کوک 34 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

پاکستان کی طرف سے دوسری اننگز میں فہیم اشرف نے 2،محمد عامر،شاداب خان اور محمد عباس نے1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

  پہلی اننگز میں پاکستان ٹیم 185رنز پر ڈھیر ہوگئی، کپتان سرفراز احمد 50 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے،بابراعظم نے 49، امام الحق نے 43، محمد عباس 11 اور محمد عامر 10 رنز بناسکے۔

جنوبی افریقا کے اولیور نے 5،فلینڈر نے 3اور رباڈا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

تازہ ترین