• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی وزیراعظم نے کرتارپور بارڈر کھولے جانے کو اپنی حکومت کی کامیابی قرار دیدیا

اسلام آباد (صالح ظافر) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے دعویٰ کیا ہے کہ کرتارپور بارڈر کھولنا ان کی حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ اتوار کو ان کی رہائش گاہ پر گرو گوبند سنگھ کی یاد میں سکہ جاری کرنے کی تقریب کاانعقاد کیا گیا جس میں سابق وزیراعظم من موہن سنگھ اور دیگر سکھ نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق، نریندر مودی کا کہنا تھا کہ بابا گرو نانک کے پیرو کا ر و ں کو اب گردوارا دربار صاحب کرتارپور کے درشن کیلئے ٹیلی اسکوپ استعمال کرنا نہیں پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ سکھ مذہب کے گرو نے ہمیشہ انصاف کا ساتھ دینے کا سبق دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کوشش کر رہی ہے کہ 1984ء کے سکھ مخالف واقعات کے متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کرتارپور بارڈر کھولے جانے کے حوالے سے کہا کہ 1947ء کی غلطی کو درست کیا جا رہا ہے، مرکزی حکومت کرتارپور تک لنک روڈ تعمیر کر رہی ہے۔ انہوں نے گرو گوبند سنگھ کو ایک شاعر اور بہادر جنگجو قرار دیا اور کہا کہ حکومت کا منصوبہ ہے کہ بابا گرو نانک کا 550واں جنم دن ملک بھر میں منایا جائے۔
تازہ ترین