• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمبھ میلے کا آغاز، کروڑوں ہندو یاتری ڈبکی لینے کو تیار

بھارتی شہرالہ آبادمیں ہندوؤں کا سب سے بڑا اجتماع قرار دیا جانے والا کمبھ میلہ سج گیا ، میلے کے دوران کروڑوں افرادگنگا اور جمنا کے سنگم پر جمع ہوکر عقیدے کے مطابق اپنے گناہ دھوئیں گے۔


بھارتی میڈیا کے مطابق کمبھ میلے کا آج مقدس ترین دِن ہے، اس میلے کے دوران کم از کم 12 کروڑ افراد الہ آبار کا رخ کریں گے اور گنگا اور جمنا کے سنگم پر جمع ہوں گے جن میں دس لاکھ کے قریب غیرملکی بھی شامل ہیں۔

یہ میلہ 49 دن تک جاری رہے گا اور چار مارچ کو اپنے اختتام کو پہنچے گا، میلے کے پہلے دن ڈیڑھ کروڑ افراد کی آمد متوقع ہے۔

اس موقع پر الہ آباد کے ضلع پریا گنج کے تمام اسکول اور کالجز تین دن کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔

شہر کو آنے والی تمام سڑکوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں ہیں اور گاڑیوں کو شہر سے باہر روک لیا گیا ہے جہاں سے لوگوں کو شٹل بسوں اور رکشوں کے ذریعے میلے کے مقام تک پہنچایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کمبھ مذہبی میلہ ہے جسے بھارت میں ’زمین پر منعقدہ عظیم تقریب‘ بھی قرار دیا جاتا ہے۔

یہ میلہ ہر 12 سال بعد منعقد ہوتا ہے۔ کمبھ کے میلے کے موقع پر زائرین دریائے گنگا میں نہاتے ہیں۔ ہندو عقائد کے تحت اس رسم سے گناہ دھلتے ہیں اور جنت کا راستہ کھلتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس مرتبہ میلے کی سرگرمیاں 45 مربع کلومیٹر کے علاقے میں پھیلی ہوئی ہیں جبکہ ماضی میں یہ علاقہ 20 مربع کلومیٹر تک ہوتا تھا۔

میلے میں 300 کلومیٹر سڑک بنائی گئی ہے۔ شہر کے چاروں طرف وسیع پیمانے پر کار پارکنگ بنائی گئی ہے تاکہ تقریباً پانچ لاکھ گاڑیوں کو پارک کیا جا سکے۔

حکام کے مطابق اس سال میلے کے انتظامات پر چار ہزار کروڑ روپے سے زیادہ لاگت آئی ہے۔

میلے کے منتظم وجے کرن آنند کا کہنا تھا کہ ’پہلا مقدس غسل 15 جنوری کو صبح سوا پانچ بجے ہو گا اور ہر گھاٹ پر 45 منٹ کے دورانیے کے لیے اشنان ہو گا اور یہ سلسلہ شام چار بجے تک چلے گا‘۔

کمبھ میلہ الہ آباد میں صدیوں سے منعقد ہو رہا ہے لیکن گذشتہ دو دہائیوں سے یہ ایک میگا ایونٹ کی شکل اختیار کر گیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس برس یہ میلہ بہت بڑا ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ ملک کی ہندو قوم پرست حکومت نے اس کا انتظام ملک میں ہونے والے عام انتخابات کو نظر میں رکھ کر کیا ہے۔

تازہ ترین