• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد چوہدری ہمارے مشیر نہیں رہے، رولز مشورے اپنے پاس رکھیں،مرتضیٰ وہاب،سعید غنی، ناصر شاہ، مولا بخش چانڈیو کا ردعمل

کراچی ( اسٹاف رپورٹر، خبرایجنسیاں) پاکستان پیپلزپارٹی نےکہا ہےکہ فواد چوہدری ہمارے مشیر نہیں رہے، رولز مشورے اپنے پاس رکھیں، مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ مرادعلی شاہ کسی کے مطالبے پر استعفیٰ نہیں دینگے، سعید غنی نے کہا کہ وفاق علیمہ خان بچائو مہم پرلگا ہوا ہے، ناصر شاہ نے کہا کہ سندھ فتح کرنا پی ٹی آئی کا خواب رہےگا ،مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ فوادکےسیاسی بڑے بھی بلاول سے سیاست سیکھیں گے ۔ تفصیلات کےمطابق منگل کوسندھ اسمبلی کے باہرمیڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نےکہا کہ فواد چوہدری قیمتی مشورے اپنے پاس رکھیں، وہ کبھی پیپلز پارٹی کا حصہ تھے،وہ بھول جاتے ہیں کہ انہیں مشورے تحریک انصاف کی حکومت کو دینے چاہئیں ،مرادعلی شاہ کسی کے مطالبے پر استعفیٰ نہیں دیں گے، سندھ فتح کرنے کا خواب لیکر کئی آئے اور کئی چلے گئے ،فواد چوہدری جوش خطابت میں جو کہتے ہیں بعد میں انہیں منہ کی کھانی پڑتی ہے، تمام سازشوں کے باوجود سندھ میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بناسکا، اسلام آباد سے آنے والے وائسرائے کچھ نہیں کرسکتے، پی ٹی آئی کے کئی اراکین بار بار رابطہ کررہے ہیں، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما مخالفین کے لیے جن بن گئے ہیں۔وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہاہے کہ سندھ حکومت انتشار پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر کسی کے بھی داخلے پر پابندی لگا سکتی ہے،نااہل افراد اپنی ناکامی چھپانے کے لیے سندھ حکومت کو پریشان کرنا چاہتے ہیں، میرے بھی پی ٹی آئی، (ن)لیگ اور ایم کیو ایم ارکان سے رابطے ہیں، اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔

تازہ ترین