• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچن میں کاؤنٹر ٹاپ کا کردار مرکزی اہمیت کا حامل ہے۔ معیاری اور عمدہ کاؤنٹرٹاپ کا انتخاب کچن کو انفرادیت اور خوشنمائی بخشتا ہے ۔کچن چونکہ گھر کا وہ پورشن ہے، جہاں خاتونِ خانہ اپنا سب سے زیادہ وقت گزارتی ہیں، اس لیے یہاں کاؤنٹر ٹاپ کا کردار بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ چولہوں کا۔ کاؤنٹر ٹاپ کچن میں سب سے زیادہ استعمال کیے جاتے ہیں، یہ ایک ایسی چیزہے جسے آئے روز تبدیل نہیں کیا جاسکتا، اس لیے کچن کی تعمیر کے دوران کچن کاؤنٹر کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کراور سہولت کے مطابق کیا جاناچاہیے۔ذیل میں کاؤنٹر ٹاپ سے متعلق چند مفید مشورے اورٹرینڈ ز موجو د ہیں، جو دوران تعمیر آپ کے لیے سود مند ثابت ہوسکتے ہیں ۔

پالش گرینائٹ کاؤنٹر ٹاپ

کاؤنٹر ٹاپ بنانے کا ذکر آئے تو اس کے لیے پہلا خیال ماربل یا گرینائٹ کا ہی آتا ہے۔ گرینائٹ سب سے زیادہ استعمال کیے جانے والے مواد میں سے ایک ہے، یہ ایک ایساٹرینڈ ہے جو کبھی پرانا نہیں ہوتا۔ ان دنوں کالے رنگ کی پالش والے گرینائٹ کاؤنٹر ٹاپ کا ٹرینڈ خاصا مقبول ہے، جس کی بدولت کچن کی قدرومنزلت میں اضافہ ہوتا ہے۔اگر بات کی جائے گرینائٹ پتھر کی تو اس کی سطح مختلف رنگوں کا مجموعہ ہو تی ہے، جو زیر زمین پتھروں کے پگھلنے کی وجہ سے بنتے ہیں۔ دکھنےمیں تیز رنگ کا یہ پتھر زیادہ پائیدار اور دیر پا ہوتا ہے، جس پر خراشیں یا داغ دھبے بھی کم پڑتے ہیں۔ پاکستان میں گرینائٹ عمومی طور پر ماربل سے زیادہ مہنگا ہوتا ہے – لیکن پتھر کی قیمت کا انحصار اس کے رنگ ،قسم اور سائز پر ہوتا ہے –۔

ماربل کاؤنٹر ٹاپ

گرینائٹ کی طرح ماربل کاؤنٹر ٹاپ بھی کچن کے لیے پہلی ترجیح بنتے ہیں جو کہ قیمت میں گرینائٹ سے سستے ہونے کے سبب بجٹ فرینڈلی کہلاتے ہیں ۔ماربل کاؤنٹر ٹاپ کچن کو خوبصورت ،منفرد اور جدید طرز فراہم کرتے ہیں۔ تعمیراتی ماہرین کے مطابق ماربل کاؤنٹر ٹاپ سے بڑھ کر جدید ،خوبصورت اور کارآمد کچھ نہیں۔ ماربل عموماً گرے، وائٹ یا کریم کلر کا ہوتا ہے اور اس کے اندر گہری رگیں ایک طرف سے دوسرے رخ جاتی نظر آتی ہیں۔ تاہم ماربل کی کچھ اقسام ایسی بھی ہیں، جن کی سطح ہلکی گلابی یا ہلکے سبزرنگ جیسی ہوتی ہیں ۔ماربل، گرینائٹ سے نسبتاً کم مضبوط ہوتے ہیں۔ رگڑ اور پالش سے ماربل کو مزید خوبصورت اور چمکدار بنایا جاسکتا ہے ۔

گلاس کاؤنٹر ٹاپ

کاؤنٹر ٹاپ کے لیے شیشے کا انتخاب منفرد اور مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں۔ کاؤنٹر ٹاپ کے لیے شیشے کاانتخاب کئی طرح سے مفید ثابت ہوتا ہے مثلاً دیگر مواد کے برعکس شیشہ کسی بھی ٹیکسچر پر بآسانی کاٹا جاسکتا ہے، یہی نہیںگلاس کاؤنٹرز میں رنگوںکا انتخاب لامحدود ہے۔ شیشے سے تیار کروائے گئے کاؤنٹرز کو صاف رکھنا آسان ہے کیونکہ اس پر داغ دھبوں کی تہیں نہیں جمتیں لیکن کوشش کریں کہ گلاس کاؤنٹر ٹاپ کا انتخاب کرتے ہوئے گلاس کی موٹائی اور مضبوطی کا خیال رکھیں۔ خوبصورت شیشہ ایک ایسا انتخاب ہو سکتا ہے جو آپ کہ کچن کے منظر کو بدل دے۔ اپنے کچن کے و سط میں ایک میٹل کی ٹیبل رکھ کر اس پر شیشے کی سلیب رکھ دیں اور پھر کچن کاؤنٹر ٹاپ کے مزے اٹھائیں۔

اسٹین لیس اسٹیل کاؤنٹر ٹاپ

جدید تعمیراتی طرز میں اسٹین لیس اسٹیل کا استعمال خاصا مقبول ہے، خاص طور پر کچن کیبنٹ کے لیے۔ کچن کیبنٹ کے لیے لکڑی یا ماربل ہی نہیں اب اسٹین لیس اسٹیل کاا نتخاب بھی خاصا سود مند ثابت ہورہا ہے تاہم اگر آپ اپنے کچن کو انڈسٹریل لُک دینا چاہتے ہیں تو اسٹین لیس اسٹیل کے کاؤنٹر ٹاپ کا انتخاب کریں۔ یہ استعمال میں آسان اور صاف کرنے میں بھی آسان ہوتاہے۔ اس کے علاوہ اسٹین لیس اسٹیل دھول کو بھی آسانی سے روکتا ہے۔ اس کا استعمال نہ صرف آپ کے کچن کو مضبوط بلکہ پر کشش بھی بناتا ہے۔

لکڑی کا کاؤنٹر ٹاپ

کچن کاؤنٹر ٹاپ کیلئےلکڑی کا انتخاب بھی خاصا سود مند ثابت ہوسکتا ہے کیوں کہ یہ باقی جگہ کے ساتھ بہت اچھی لگتی ہے۔ صرف ایک تختہ لگا دینے سے آپ کو ایک ایسی جگہ مہیا ہوجاتی ہے، جہاں آپ دن کے کسی بھی وقت بیٹھ کر کھانا کھا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ صفائی میں آسان بھی ہے۔ بشرطیکہ کچن کاؤنٹر ٹاپ کیلئے دیگر مواد کے انتخاب میں ہلکے اور گہرے رنگوں کے امتزاج کاخیال رکھا جائے ۔

تازہ ترین