• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامی نظریاتی کونسل نے کئی موضوعات پر سفارشات مرتب کی ہیں، اللہ بخش کلیار

برمنگھم (نمائندہ جنگ) اسلامی نظریاتی کونسل اب تک اپنے211اجلاسوں میں سود، کوٹہ سسٹم، خلع و طلاق، قانون شہادت، قانون تحفظ ناموس رسالتؐ، قانون قصاص و احترام رمضان، آرڈیننس جیسے لامحدود موضوعات پر اپنی6ہزار سفارشات مرتب کرچکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن ملک اللہ بخش کلیار نے برمنگھم میں مسجد بلال کے کمیونٹی سینٹر میں منعقدہ استقبالیہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ جس کا انعقاد علامہ نذیر مہروی نے کیا۔ جس میں قائداعظم ٹرسٹ کے چیئرمین راجہ محمد اشتیاق، علامہ سرفراز مدنی، علامہ اشرف قریشی، پیر زادہ حفیظ زیدی، پیر زادہ عبدالوحید خان، میزبان سمیت کمیونٹی رہنمائوں نے شرکت کی ملک اللہ بخش کلیار نے مزید کہا کہ پاکستان جیسے اسلامی جمہوری ملک میں اسلامی نظریاتی کونسل کی بڑی اہمیت ہے۔ 1962ء ، 1973ء کے آئین میں پہلے اسلامی مشاورتی کونسل اور بعد میں اسلامی نظریاتی کونسل نے وسیع تر مشاورت کے بعد سفارشات پیش کی تھیں جو آئین کا حصہ ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی ہر وقت کوشش ہوتی ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنی سفارشات مرتب کرتی رہے جو بعد میں قومی اسمبلی، سینیٹ یا پھر صوبائی اسمبلیوں میں بحث کے لئے پیش کی جاتی ہیں۔ علامہ نذیر مہروی نے کہا کہ آج کے اس استقبالیہ کا مقصد یہ تھا کہ برطانیہ میں آباد اوورسیز کمیونٹی اسلامی نظریاتی کونسل کے مقاصد تک رہنمائی حاصل کرے، ہم اس میں کافی حد تک کامیاب ہوئے۔ راجہ محمد اشتیاق خان نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اس کونسل کے ممبران کی تعداد20سے بڑھاکر50کی جائے اور اوورسیز کمیونٹی رہنمائوں اور سکالرز کو اس میں شامل کیا جائے۔ اتنی بڑی تجاویز کو لے کر قومی اسمبلی سینیٹ میں لے جاکر ایسے قوانین مرتب کئے جائیں جو پوری دنیا میں اسلام کے لئے ایک آواز بلند ہو۔ آخر میں ملکی و قومی سلامتی کے لئے دعائیں کی گئیں۔
تازہ ترین