• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نزلہ، زکام اور کھانسی سے کیسے نجات پائیں؟

موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی دنیا بھر میں بچے بڑے نزلہ، زکام، کھانسی اور بخار میں مبتلا ہو جاتے ہیں، جو مختلف اقسام کے بارہ سو سے زائد وائرس پیدا ہونےسے پھیلتے ہیں۔ کبھی خاص خوشبو یا دھول مٹی سےالرجی، موسم میں اچانک تبدیلی یا بہت سرد ہواؤں کےچلنے سے نزلہ، زکام اور کھانسی کی شکایت لاحق ہوجاتی ہے۔ اس ضمن میں صدیوں سے یونانی اورآیورویدک حکما و اطبا درج ذیل آزمودہ گھریلو نسخے بتاتے ہیں۔

اسٹیم

٭ بھاپ میں سانس لینے سے ناک سے حلق تک کا اندرونی حصہ نزلے کی رطوبت سے صاف ہوجاتا ہے۔ اس کے علاوہ ناک کی بندش سے ہونے والی گھٹن اور بے چینی دور ہوجاتی ہے۔ صاف پتیلی میں تین چوتھائی پانی بھر کر اسے اُبالیں، پھر احتیاط سے اُتار کر میز پر رکھیں۔ سر کو صاف کپڑے یا تولیے سے لپیٹ کر بھاپ کی طرف چہرہ جھکا کر اس میں گہرے سانس لیتے رہیں۔ پانی میں یوکلپٹس آئل کی چند بوندیں شامل کر لی جائیں توناک کھلنے اور وائرس ختم ہونے کا عمل اور بھی مؤثر ہو جاتا ہے۔ سفیدے کے درخت کے تازہ پتوں سے بھی یہ کام لیا جاسکتا ہے۔ کھولتے پانی میں اس کے مٹھی بھر پتے شامل کر لیں۔ اس عمل سے ناک کھلنے کے علاوہ گلے کی خراش اور کھانسی کو بھی آرام ملتا ہے اور نزلے کے حملے کا مقابلہ کرنے میں آسانی ہوجاتی ہے۔ یہ عمل پانچ سے دس منٹ تک کریں۔

شہد اور لیموں

بغیر دودھ کی چائے میں شکر کی جگہ شہد اور لیموں کا رس شامل کر کے پینا چاہیے۔ نیز گرم پانی میںچائے کاایک چمچ شہد اور تازہ لیموں کا رس نچوڑ کر پینے سے چھلے ہوئے گلے کو بہت آرام ملتا ہے۔

دارچینی چائے

ایک چائےکے چمچ کےمساوی دارچینی کاسفوف کھولتے پانی میں20منٹ تک ڈھک کر دم دینے کے بعد اس میں بقدر ذائقہ شہد ملا کر دن بھر میں ایک سے تین پیالیاں پی جا سکتی ہیں۔ ساتھ ہی عام چائے میں پتی کے ساتھ ایک ٹکڑا دار چینی کا ڈال کر اسے اچھی طرح جوش دیں۔ جب ذائقے دار اور صحت بخش چائے تیار ہوجائے تو مزے سے چسکیاں لیکر پی لیں۔

لہسن

نزلہ، زکام اور کھانسی میں لہسن کو جادوئی ٹانک مانا جاتا ہے، جو نہ صرف خوب بلغم خارج کرتا ہے بلکہ اس سے گلے اور غدود کا ورم بھی کم ہو جاتا ہے۔ لہسن کو پیس کر شہد میں ملا کر کھانے سے افاقہ ہوتا ہے۔

ادرک ، تلسی اور شہد کی چائے

ایک پیالی گرم پانی میں تازہ ادرک کچل کراس کا ایک چائے کا چمچ رس شہد کے ساتھ ملاکر پینے سے بلغمی کھا نسی، سینے کی جکڑن اور سینے کو بہت آرام ملتا ہے۔ اس سے بلغم خارج ہوتا ہے اور پسینہ آکربخار دور ہوجاتا ہے۔ ایک چائے کا چمچ تلسی کے تازہ پتوں کا رس ملانے سے یہ اور بھی مفید ہو جاتا ہے۔ تلسی کے خشک پتے بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

چھوٹے بچوں کی حفاظت

موسمِ سرما کی آمد کے ساتھ ہی چھوٹے بچے فوراً ہی نزلہ، زکام، کھانسی اور ٹھنڈ کی لپیٹ میں آجاتے ہیں۔ اکثر مائیں آج بھی دواؤں کے بجائے پرانے زمانے کےزود اثر آزمودہ ٹوٹکے استعمال کرتی ہیں۔

اکثر مائیں چھوٹے بچوں کو بھاپ دینے سے گھبراتی ہیں لیکن بھاپ نزلہ زکام میں جادوئی اثر رکھتی ہے۔ اس کا آسان طریقہ یہ ہے کہ کسی جگ یا بالٹی میں اُبلتا ہوا پانی ڈال کر ماں بچے کو لے کر اس کے قریب بیٹھ جائے تو بچے تک بآسانی بھاپ کے اثرات پہنچ جائیں گے۔ لازم ہے کہ کمرے کا دروازہ اور کھڑکیاں بند ہوں تا کہ ہوا کا گزر نہ ہوسکے ۔

لہسن اور اجوائن

لہسن کے چند جوے اور ایک چمچ اجوائن کو توے پر سینک لیں۔ اس کے بعد دونوں اجزا کو ململ کے کپڑے میں باندھ کر پوٹلی بنا لیں۔ تھوڑا ٹھنڈا ہونے پر اس پوٹلی کو سوئے ہوئے بچےکے نزدیک رکھ دیں۔ یہ ٹوٹکا ٹھنڈ ختم کرنے کیلئے نہایت مفید ہے۔

ادرک اور شہد

ایک چمچ شہد میں چند قطرے ادرک کا رس ملا لیں۔ یہ آمیزہ نیم گرم پانی کے ساتھ نزلہ، زکام ، کھانسی اور ٹھنڈ سے متاثرہ بچے کو پلائیں۔ خیال رہے یہ نسخہ ایک سال سے کم عمر بچوں کیلئے نہیں ہے۔

کھانسی کا گھریلوشربت

ادرک، تلسی، بڑی الائچی اور کالی مرچیں لے کر پانی میں جوش دیں۔ چولہا بند کرنے کے بعد اسے ٹھنڈا کرلیں، اسے ذائقہ دار اور مزید مؤثر بنانے کے لیے حسب ضرورت شہد شامل کرکے اپنے نونہال کو پلائیں۔

تازہ ترین