• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ورلڈ کپ سے قبل کپتان کی تبدیلی فائدہ مند نہیں‘

سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ سرفراز احمد کو غلطی کی سزا مل گئی، ورلڈ کپ سے قبل کپتان کی تبدیلی فائدہ مند ثابت نہیں ہوگی۔

کراچی میں منعقدہ ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وسیم اکرم نے کہا کہ کچھ لوگ 4 میچوں کی پابندی پر خوش ہیں، سرفراز احمد نے جو بھی بات کی تھی وہ اپنے آپ سے کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ایک میچ سے کسی کی کپتانی اندازہ نہیں لگایا جاسکتا، ہمیں ایسا کپتان چاہیے کو لمبےعرصے تک ٹیم کی قیادت کرسکے۔

سابق کپتان نے مزید کہا کہ سرفراز احمد کی غلطی کو ہم نے ہی دنیا کے سامنے اجاگر کیا،بار بار جملے چلائے اور دہرائے گئے۔

وسیم اکرم نے یہ بھی کہا کہ کچھ لوگ سرفراز پر پابندی سے خوش ہیں مگر پاکستان کو شارٹ ٹرم کپتان نہیں لانگ ٹرم کپتان کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ قریب ہے ایسی صورتحال میں کپتان کی تبدیلی فائدہ مند ثابت نہیں ہوگی۔

وسیم اکرم نے کہا کہ ورلڈ کپ سر پر ہے ایسے میں سرفراز احمد ہی کو کپتان برقرار رہنا چاہیے،میرے علم میں نہیں کہ سرفراز کو بلایا گیا ہے یا وہ خود واپس آئے ہیں۔

تازہ ترین