• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ ساہیوال: جوڈیشل کمیشن بنانے پر غور کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے پر غور کرنے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے عثمان بزدار سے کہا کہ اگر تحقیقات سے لواحقین مطمئن نہیں تو جوڈیشل کمیشن بنادیا جائے۔

عمران خان کی ہدایت پر وزیراعلیٰ پنجاب کل سانحہ ساہیوال کے متاثرین سے ملاقات بھی کریں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں عثمان بزدار نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن سے متعلق لواحقین کی اپیل پر غور اور متاثرین کی خواہش کے مطابق عمل کیا جائے گا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ایوان وزیراعلیٰ لاہور میں اجلاس ہوا،عثمان بزدار کی جانب سے عمران خان کو سانحہ ساہیوال کی تحقیقات میں پیشرفت پر بریفننگ دی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ متاثرین کے لواحقین اگرجوڈیشل کمیشن بنانے کا کہیں تو اس پر بھی غور کیا جائے۔

اس موقع پر عمران خان کو پولیس اصلاحات اور صوبے میں امن وامان کی صورت حال سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے میڈیا اسٹریٹیجی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کی،جس میں وزیراعلی عثمان بزدار، نعیم الحق، افتخار درانی، صمصام بخاری، عائشہ چوہدری، یوسف بیگ مرزا، اعجازچوہدری، عمر سرفراز چیمہ اور زلفی بخاری نے شرکت کی۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی، جس کے دوران صوبے میں صاف پانی کی فراہمی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

تازہ ترین