• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے تاریخی استقبال کی تیاریاں مکمل، سیکورٹی اور پروٹوکول کے غیرمعمولی انتظامات

اسلام آباد ( طاہر خلیل،ایوب ناصر،خبر ایجنسیاں) سعودی ولی عہد کا آج اسلام آبادمیں شاندار اور تاریخی استقبال ہوگا، اربوں ڈالرز کے معاہدوں پر دستخط کئے جائینگے،نئے پروگرام کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد آج اتوار کو تاریخی دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے ،ولی عہدکےتاریخی استقبا ل کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، پاک سعودی تعلقات نئے دور میں داخل ہوں گے اور شراکت کاری کی نئی راہیں کھلیں گی، پاکستانی حدود میں داخلے پر جے ایف 17 تھنڈر طیارے پروٹوکول دیں گے، 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی، وزیراعظم عمران خان کابینہ سمیت ایئر پورٹ پر استقبال کریں گے، 5تہوں پر مشتمل سکیورٹی دی جائے گی،سعودی ولی عہد کو ایوان صدر میں استقبالیہ ، ایوان وزیر اعظم میں عشائیہ دیا جائیگا، صدر مملکت عارف علوی،آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ اور چیئرمین سینیٹ بھی ولی عہد سے ملاقاتیں کرینگے۔ ولی عہد کے دورے کے دوران توانائی ، قابل تجدید توانائی ، دفاع ، سکیورٹی ، معدنیات اور کان کنی سمیت کئی شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کے معاہدے ہونگے، 102 افراد پر مشتمل وفدسعودی ولی عہد ا بن سلمان کے ہمراہ ہو گا۔شاہی ڈاکٹرز، شاہی سکیورٹی ، شاہی اسٹاف پر مشتمل 235 افراد پر مشتمل ایڈوانس ٹیم پاکستان پہنچ چکی ہے ۔ولی عہد کے ذاتی استعمال کی اشیا ء کے 80 کنٹینرزبھی پاکستان پہنچ چکے ہیں، ان کے ذاتی استعمال کیلئے کچھ گاڑیاں سعودی عرب سے بھی پاکستان پہنچائی گئی ہیں، حکومت پاکستان نے وفدکیلئے 300 لینڈ کروزر گاڑیاں الگ سے حاصل کر رکھی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ابن سلمان کو ایئر پورٹ سے وزیراعظم ہاؤس تک لے جانے کیلئے دو پلان بنائے گئے ہیں، ممکنہ طور پر وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد کی گاڑی چلائیں گے یا پھر دونوں ہیلی کاپٹر پر وزیراعظم ہاؤس روانہ ہوں گے۔ ولی عہد کی سکیورٹی کیلئے 123 شاہی محافظ پاکستان میں پہلے سے آ چکے ہیں،وزیراعظم ہاؤس اور 8 نجی ہوٹلز کی سکیورٹی پاک فوج کے سپرد کر دی گئی ہے، وزیراعظم ہاؤس میں ولی عہد کی ورزش کیلئے جم بھی تیار ہو چکا ہے ۔دورےکے دوران سعودی سرمایہ کاری کے کئی ایم او یوز پر دستخط کیے جائیں گے، سعودی عرب پاکستان میں تیل و گیس، توانائی، پن بجلی، معدنیات، خوراک و زراعت کے شعبے میں طویل المدتی منصوبے شروع کرنا چاہتا ہے ۔ دریں اثناوزیراطلاعات فواد چوہدری نےمیڈیاسے گفتگومیں کہا ہے کہ پاک سعودی عرب کے درمیان سپریم کوآرڈینیشن کونسل قائم کی گئی ہے، سعودی ولی عہد اور وزیراعظم عمران سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے سربراہ ہوں گے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان جتنے بھی معاہدے ہوں گے ان کی نگرانی کونسل خود کریگی، انہوں نے کہا کہ ولی عہدکےدورے سے پاک سعودی عرب تعلقات کو نئی جہت ملے گی، ولی عہدکا پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سعودی ولی عہد کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا جائے گاجبکہ ایوان صدر میں سعودی ولی عہد کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جائے گا، شہزادہ ابن سلمان کوپاکستان کا اعلیٰ ترین اعزاز بھی دیا جائے گا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تمام معاہدوں کیلئے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، پاک سعودیہ ورکنگ گروپ ملکر کام کریں گے،سعودی عرب اور یواے ای سے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری آرہی ہے، یواے ای کے ساتھ ویزا حصول کے پراسس میں نرمی کی گئی ہے،انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کی آمد پر ریڈزون میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہےجبکہ باقی کسی جگہ پر سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا ،لوگوں کو آنے جانے میں آسانی ہوگی۔ فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ محمد بن سلمان کے دورے سے ملک میں گزشتہ 10 سال سے زیادہ سرمایہ کاری ہوگی جبکہ ہم سعودی عرب کے 2 نئے شہروں کیلئے افرادی قوت فراہم کریں گے۔

تازہ ترین