• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’سعودی عرب اور پاکستان ملکر معاشی چیلنجز سے نمٹ سکتے ہیں‘

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داود نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان درپیش چیلنجز سے مل کر نمٹ سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں پاک سعودی کاروباری کانفرنس سے خطاب میں عبدالرزاق داود نے کہا کہ پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری پر مشکور ہیں، سعودی سرمایہ کاروں کو سہولتیں اور یکساں مواقع فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی شرح نمو اورمعیشت کی ترقی کے لئے سعودی عرب کی سرمایہ کاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

مشیر برائے تجارت نے مزید کہا کہ سعودی عرب خوشحالی کے سفر میں پاکستان کاشراکت دار ہے،سعودی سرمایہ کاروں کی طرف سے کان کنی اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری انتہائی اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات مختلف سمت میں اور مختلف سطح پر آگے بڑھ رہے ہیں،پاکستان میں مختلف شعبوں میں سعودی عرب کی طرف سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے اعلان سے ہماری معیشت میں بہتری آئے گی۔

عبدالرزاق داود نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو ان کے کاروباری منصوبوں میں ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

کانفرنس سے خطاب میں سعودی وزیر تجارت ماجد الکسابی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان درپیش چیلنجز سے مل کر نمٹ سکتے ہیں،باہمی روابط سے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا، پاکستانیوں کوسعودی عرب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ایک نئی اورمثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

تازہ ترین