• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی ولی عہد نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے، شیخ سربلند

لندن (جنگ نیوز)سماجی شخصیت شیخ سربلند نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی طرف سے سعودی عرب میں قید 2ہزار سے زائد پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان کرکے تمام پاکستانیوں کے دل جیت لئے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے پاکستانی قیدیوں اور روزگار کیلئے سعودی عرب جانے والے افراد کا مسئلہ محمد بن سلمان کے سامنے اٹھانے پر انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں اور اب ان میں مزید اضافہ ہوگا۔ شیخ سربلند نے بھارت کی طرف سے پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی انتہاپسند حکومت کشمیر کے مسائل کو سمجھنے کیلئے تیار نہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی جدوجہد کو مقامی نوجوانوں نے اپنے ہاتھوں میں لے لیا ہے اور اب بھارت کی فوج کیلئے اس تحریک کو دبانا ممکن نہیں۔ بھارت نے بوکھلاہٹ میں آکر پاکستان کے خلاف کوئی کارروائی کرنے کی کوشش کی تو اسے منہ کی کھانی پڑے گی۔
تازہ ترین