• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی میڈیا کا دھوکہ، عبدالرشید غازی کی وردی میں تصویر جعلی نکلی، شام اور عراق کے کار دھماکوں کی فوٹیج پلوامہ کی کہہ کر چلادی

لاہور (جنگ نیوز) بھارتی میڈیا نے پلوامہ واقعہ کے ماسٹر مائنڈ جیش محمد کے کمانڈر عبدالرشید غازی عرف کامران کے سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے اس کی جو تصویر شائع کی ہے وہ جعلسازی سے تیار کردہ نکلی ہے۔ انڈیا ٹوڈے، اے بی سی نیوز، زی ٹی وی، انڈیا ٹی وی، ہانگ کانگ اور اکنامک ٹائمز وغیرہ نے یہی تصویر شائع کی ہے ۔ آلٹ نیوز نامی ویب سائٹ نے اس کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ اس کے مطابق کامران کی تصویر امریکی پاپ سٹار جون بون جووی کی تصویر پر اس کا سرلگا کر بنائی گئی ہے۔ مزید تحقیق سے پتہ چلا کہ جووی نے بھی یہ تصویر ایک ڈیجیٹل سٹور کی ایپ استعمال کرکے بنائی۔ اس میں کوئی بھی اپنا چہرہ لگا کر پولیس وردی میں اپنی تصویر بنا سکتا ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق اس سے پہلے بھارتی میڈیا نے شام اور عراق کے کار دھماکوں کی فوٹیج بھی پلوامہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے طور پر چلائی۔ آلٹ میڈیا نے ان کی وڈیو بھی دکھا دی ہے۔ بھارتی سوشل میڈیا میں پلوامہ واقعہ کے حوالے سے بی جے پی کے رکن پارلیمینٹ نیپال سنگھ کا ایک انٹرویو بھی وائرل ہےجس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ فوجیوں نے مرنا ہی ہوتا ہے انہیں تنخواہ ہی اسی چیز کی ملتی ہے حالانکہ ان کا یہ بیان تیرہ ماہ پہلے جنوری 2018 کا ہے۔
تازہ ترین