• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے کہا تو کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان سے کھیلیں گے،بھارت

شارجہ (نمائندہ خصوصی) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ 16جون کو اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ کا میچ پروگرام کے مطابق ہوگا۔25 ہزار کی گنجائش والے گرائونڈ کے لئے اب تک چار لاکھ لوگوں نے ٹکٹ خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ حکومت نے کہا تو پاکستان کے ساتھ نہیں کھیلیں گے۔ ورلڈ کپ میچ کے حوالے سے صورتحال کچھ روز بعد واضح ہو گی۔ مبصرین کے مطابق بھارتی ٹیم نہیں کھیلے گی تو پاکستان کو پوائنٹس ملیں گے، اگر فائنل میں دونوں ٹیمیں آئیں تو پاکستان بغیر کھیلے چیمپئن بن جائے گا۔ ابھی تک بی سی سی آئی کی اس حوالے سے آئی سی سی کیساتھ کوئی بات نہیں ہوئی۔ سابق بھارتی کرکٹر اور ریاست اتر پردیش کے وزیر چیتن چوہان نے البتہ کہا ہے کہ ہر ٹورنامنٹ کے قواعد ہوتے ہیں، اگر بھارت نے میچ کا بائیکاٹ کیا تو اسے پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے دبئی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں پاک بھارت میچ کا معاملہ بھی زیرِ غور آسکتا ہے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کا کوئی میچ منسوخ نہیں کیا جارہا اور نہ ہی ورلڈ کپ کے شیڈول میں تبدیلی کی کوئی وجہ ہے۔ ورلڈ کپ کے 100 روزہ کاؤنٹ ڈاؤن کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ہم پی سی بی اور بی سی سی آئی کے ہمراہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
تازہ ترین