• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپنے کردار سے سیرت طیبہ کا نمونہ پیش کرنا ہوگا، عبدالقدیر اعوان

برمنگھم (نمائندہ جنگ)عقیدہ ختم نبوتؐ بلا شک و شبہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ ہمیں سیرت طیبہ اپنا کر عمل و کردار سے نمونہ پیش کرنا ہوگا۔ صوفیائے کرام نے نامساعد حالات میں برطانیہ میں اسلام کی تبلیغ و ترویج کیلئے اہم خدمات سرانجام دیں۔ ان خیالات کا اظہار سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے زیراہتمام منعقدہ سالانہ روحانی اجتماع سے امیر عبدالقدیر اعوان نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، بارگاہ رسالتؐ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے گئے۔ اس موقع پر خلیفہ ضمیر اعوان، نجم چوہدری، نصرت اقبال، ساجد محمود مظہر ملک، عرفان انور سمیت دیگر کثیر تعداد میں کمیونٹی رہنمائوں عامر راجہ، وقار اسلم کیانی، محمد نذیراعوان سمیت دیگر نے شرکت کی۔ امیر سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ امیر عبدالقدیر اعوان نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ حالات کا انحصار معاشرے میں پائے جانے والے افراد کے اجتماعی رویوں پر منحصر ہوتا ہے۔ ہمیں اپنے رویوں میں صبر برداشت اور ایک دوسرے کے احترام کو یقینی بنانا ہوگا جسکے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ ہمیں نوجوان نسل کو برطانیہ جیسے ترقی یافتہ ملک میں اعلیٰ تعلیم کےساتھ ساتھ بچوں کی تربیت بھی کرنا ہوگی جو اسلام کے زریں اصولوں کے مطابق ہو۔ تب ہی آگے چل کر انہی بچوں نے ملک و قوم کی باگ ڈور سنبھالنا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ہماری خوش نصیبی کہ قرآن و سنت میں ہمارے لئے مکمل رہنمائی موجود ہے۔ اسکی روشنی میں عمل پیرا ہونے سے دنیا میں کامیابی اور آخرت میں ذریعہ نجات کا ساماں پیدا کرسکتے ہیں۔ آخر میں ملکی سلامتی اور دہشت گردی سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
تازہ ترین