• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

العزیزیہ ریفرنس، نواز شریف کی ضمانت پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں طبی بنیادوں پر سزا معطلی و ضمانت پر رہا ئی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ نواز شریف کو لاحق متعدد بیماریوں سے جان کو خطرہ ہے اور یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے ، اس پر چھپن چھپائی کا کھیل نہیں ہونا چاہئے ، کوئی میڈیکل بورڈ یا ڈاکٹرز ذمہ داری لینے کو تیار نہیں ، سب جیل کا ماحول بھیاعصابی تنائو کا باعث بنتا ہے ، نواز شریف کا اس ماحول سے باہرآنا ضروری ہے۔ نواز شریف کی طبی بنیادوں پر العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی سزا معطل کرنے کی درخواست کی سماعت گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سماعت کی۔ اس موقع پر اے آئی جی لیگل پنجاب ڈاکٹر قدیر نے نواز شریف کی جناح ہسپتال کی نئی طبی رپورٹ پیش کی۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے نواز شریف کی میڈیکل ہسٹری سے عدالت کو آگاہ کیا اور کہا کہ نواز شریف 2003 کے بعد چار مرتبہ عارضہ قلب کے باعث ہسپتال داخل ہوئے۔
تازہ ترین