• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اکثریت رکھنے والی حکومتیں نہیں رہیں تو کچھ نشستوں والے بھی نہیں رہیں گے،ن لیگ

لاہور(نمائندہ جنگ)مسلم لیگ (ن) پنجاب کے ترجمان ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں کوئی گورننس نہیں،لگتاہے کہ عثمان بزدار تونسہ کے وزیر اعلیٰ ہیں، اکثریت رکھنے والی حکومتیں نہیں رہیں تو یہ کچھ نشستوں کی اکثریت والے بھی زیادہ دیر تک نہیں رہ سکتے،شہبازشریف پر 56کمپنیوں،آشیانہ اقبال اسکیم اور رمضان شوگر ملز کے معاملے پر الزامات جھوٹے ثابت ہوئے،اب بتائیں اربوں روپے کی کرپشن کہاں ہوئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر عطاء تارڑ سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی انکے ہمراہ تھے ۔ملک احمد نے کہا کہ جھوٹے الزامات سے تنگ آچکے ہیں،حکومتی وزراء مناظرہ کرلیں،ہم وارننگ دے رہے ہیں کہ جھوٹے الزامات لگانا بند کریں،نوازشریف اور شہبازشریف کے بخار سے نکلیں اور اپنی کارکردگی بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے الزام لگایا کہ شہبازشریف نے پاناما معاملہ دبانے کے لیے 10 ارب کی پیشکش کی ،ہم نے انہیں لیگل نوٹس بھیجا لیکن کوئی جواب نہیں ملا ،ملتان میٹرو کے معاملے پر لیگل نوٹس بھیجا اس کا بھی عمران خان نے کوئی جواب نہیں دیا۔ ملک احمد خان نے کہا کہ عمران خان آپ نے بھارت کو جواب دیا تو ہم نے اسکی تائید کی،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چاروں میڈیکل بورڈز نے کہا کہ نوازشریف کے دل کا علاج ہونا چاہیے مگر علاج کے معاملے پر تین بار کے منتخب وزیر اعظم کی تذلیل کی گئی ،ہم نے تو ان کے خرچ سے ڈسپرن بھی استعمال نہیں کی،ان کی اصل حیثیت عوام کے سامنے آنے کا انتظار کر رہے ہیں۔اسپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری کے خلاف ہوں۔
تازہ ترین