• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے گھروں کی تعمیرات میں شیشے کا استعمال بڑھتا جارہاہے۔ اب صرف شیشے کے دروازے اور کھڑکیاں ہی نہیں بلکہ پوری پوری دیواریں بھی شیشے کی بنائی جارہی ہیں۔ ایک طرف تو یہ ٹرینڈہے اور دوسری طرف ماہرین تعمیرات نے کئی عمارتیں پوری ہی شیشے سے بنا کر کھڑی کردی ہیں۔ ابتدا میں ان عمارتوں کی تعمیر پر اعتراضات بھی اُٹھائے گئے تھے لیکن جب یہ وجود میں آئیں تو ان کو دیکھنے والے اش اش کراُٹھے۔ چند ایک عمارتوں سے منعکس ہونے والی روشنی اور گرمی سے ارد گرد کے مکین بھی پریشا ن رہتے ہیں، تاہم شیشے کی عمارتیں اپنا وجود رکھتی ہیں اور ان کی کشش لوگوں کو اپنی جانب کھینچتی ہے۔

فارنسورتھ ہائوس

یہ گھر امریکا کی ریاست الونائی کے علاقے پلانو میں واقع ہے۔ دریائے فوکس کے نزدیک تعمیر شدہ یہ گھر شیشے سے بنی عمارتوں میں سب سے قدیم ہے۔ ایک کمرے پر مشتمل یہ عمارت 1951ء میں بنائی گئی۔ یہ عمارت ڈاکٹرایڈتھ فارنسورتھ کے لیے تیار کی گئی تھی اور آج یہ ایک میوزیم کی شکل اختیار کرچکی ہے۔

کاناگاوا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی

جاپان کے شہر ٹوکیو میں واقع یہ ٹرانسپیرنٹ بلڈنگ دراصل ایک انسٹیٹیوٹ ہے، جسے Junya Ishigami نے ڈیزائن کیا تھا۔ ایک کمرے پر مشتمل اس عمارت کا رقبہ2ہزار اسکوائر میٹر ہے۔ شیشے اور سفید اسٹیل سے تیار کردہ اس عمارت میں مختلف سائز اور شکلوں کے پینل نصب کیے گئے ہیں۔

ڈانسنگ ہاؤس

جدید طرزِ تعمیر کا اعلیٰ نمونہ یہ عمارت پیراگوئے میں دریائے والٹاوا کےقریب ہے، جسے 1996ء میں تعمیر کیا گیا تھا۔ اسی سال امریکی اخبار نے سال کے بہترین ڈیزائن کا انعام اسی عمارت کو دیا تھا۔ ڈانسنگ ہاؤس کی عمارت آرکیٹیکٹ والڈو میلونچ اور فرینک گہری نے ڈیزائن کی تھی۔

ہوٹل ڈبلیو

اسپین کے شہر اپنی جدید ترین عمارتوں کی وجہ سے بھی دنیا بھر میں مشہور ہیں اور انہی میں سے ایک ہوٹل ڈبلیو بھی ہے۔ اس ہوٹل کو ریکارڈو بوفل نے ڈیزائن کیا تھا، جس کی تعمیر2009ء میں مکمل ہوئی۔ دراصل شیشے سے تعمیر کردہ یہ ایک فائیو اسٹار ہوٹل ہے، جس پر پڑنے والی قدرتی روشنی اسے اور بھی دلکش بنا دیتی ہے۔

نیدر لینڈ انسٹیٹیوٹ

دنیا کی منفرد ترین تعمیرات میں سے ایک ہالینڈ کے شہر Hilversum میں واقع نیدر لینڈ انسٹیٹیوٹ فور ساؤنڈ اینڈ ویژن ہے۔ اس عمارت کا ڈیزائن Willem Jan Neutelings اور Michiel Riedijk کا تخلیق کردہ ہے۔ دس منزلہ یہ عمارت آدھی زیرِ زمین ہے۔ رات میں اس عمارت کو دیکھ کر آپ مبہوت رہ جائیں گے۔

باسک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ ہیڈکوارٹر

13 منزلہ یہ عمارت کوئی آرٹ گیلری یا میوزیم نہیں بلکہ اسپین میں واقع Basque ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کا ہیڈکوارٹر ہے۔ اسپین کی بےمثل عمارتوں میں سے ایک باسک عمارت کو کول بیروو نے ڈیزائن کیا ہے۔ یہ عمارت اسپین آنے والے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرلیتی ہے۔

دی بوٹینیکل گارڈن

شیشے سے آراستہ یہ خوبصورت عمارت 19ویں صدی میں تعمیر ہونے والے لندن کے کرسٹل پیلس سے متاثر ہو کر تعمیر کی گئی تھی۔ Curitiba شہر کے مرکز میں واقع450اسکوائر میٹر کے رقبے پر پھیلا یہ بوٹینیکل گارڈن درحقیقت ایک گرین ہائوس ہے، جس کا افتتاح1991ء میں کیا گیا تھا۔ ہزاروں کی تعداد میں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بننے والی اس عمارت کو شیشے اور دھات سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کے اردگرد موجود آبشار اور فوارے اس کی دلکشی میں اضافہ کرتے ہیں۔

30 سینٹ میری ایکس 

2003 ء میں لندن میں موجود اس بلند ترین عمارت کو نورمن فوسٹر نے ڈیزائن کیا تھا۔ اس عمارت کا بیشتر حصہ موٹے شیشے سے تیار کردہ ہے۔ 41منزلہ اس عمارت نے 2004ء میں RIBA اسٹرلنگ انعام حاصل کیا تھا۔ یہ عمارت بھی لندن میں آنے والے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنتی ہے۔

لُوور پیرامڈ

اکثر ماہرِین تعمیرات کا خیال تھا کہ یہ عمارت خوبصورتی کے نام پر ایک دھبہ ہے۔ ابتدامیں شیشے سے تعمیر کردہ اس اہرام نما عمارت کو اپنے افتتاح کے موقع پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اب یہ شیشے سے تیار کردہ عمارتوں میں سب سے زیادہ مشہور ہے ۔ اس عمارت کو 1989ءمیں آرکیٹیکٹ I. M. Pei نے ڈیزائن کیا تھا۔

تازہ ترین