• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیرس میں دنیا کے سب سے بڑے سیاحتی میلے کا آغاز

پیرس (رضا چوہدری) دنیا کے سب سے بڑے سیاحتی میلے ’سیلون موندیال دو ٹورازم‘ میں پاکستان فخریہ طور پر پاکستان کے خوبصوررت مناظر، اس کی مقبول تاریخی حیثیت اور ثقافتی ورثہ کی نمائش کر رہا ہے۔ یہ سیاحتی میلہ پوخت دو ورسائیلز پیرس میں14مارچ سے 17مارچ تک جاری رہے گا۔ سفارت خانہ پاکستان نے اس سیاحتی میلے میں پہلی مرتبہ محکمہ سیاحت خیبر پختون خوا اور گلگت بلتستان کے ساتھ مل کر شمولیت کی ہے اور پاکستانی سیاحتی اسٹالز لگائے ہیں۔ پاکستانی اسٹال پر آنے والے تمام مہمانوں کو پاکستان میں سیاحتی مقامات کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا اور فرانسیسی و پاکستانی ٹور آپریٹر کی جانب سے دیے جانے والے ٹور پیکجز سے بھی آگاہ کرے گا۔ معین الحق سفیر پاکستان نے پیرس میں اس سیاحتی میلے میں پاکستانی اسٹال کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ سفارت خانہ پاکستان فرانس نے فرانسیسی اور یورپین سیاحوں کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں جن میں فرانسیسی زبان میں ویب سائٹ کا آغاز، گذشتہ سال کے آخر میں فرانسیسی ٹور آپریٹرز کو پاکستان بھیجنا، پاکستانی پہاڑوں کی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد، ٹورازم بوتھ کا قیام اور سفارت خانہ میں ٹور ازم آفس کا قیام شامل ہیں۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان ہر عمر اور ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کیلئے مختلف سیاحتی مواقع فراہم کرتا ہے۔ پاکستان کے شمال میں قراقرم کے شاندار پہاڑی سلسلے، ہمالیہ اور ہندوکش، کاغان اور سوات کی پُرفضا وادیوں، پنجاب کے خوب صورت میدانوں، مغلیہ فن تعمیر، بہاولپور کے عظیم محلات، صوفی روایات، گندھارا تہذیب و تمدن، جنوب میں بلوچستان کے سنہری ساحل سمندر اور صحرا تمام سیاحوں کے لیے خوبصورت اور دلکش مناظر پیش کرتے ہیں۔ ان سے بڑھ کر پاکستانیوں کی روایتی مہمان نوازی ہے جو اس دیدہ زیب سرزمین پر آنے والے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتی ہے۔ سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ حکومت کے موجودہ فیصلے کے بعد فرانس سمیت بہت سے ممالک کے شہریوں کو پاکستان آنے کیلئے آن لائن ویزے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ حکومت کے اس فیصلے کو بیرونی ممالک میں بہت پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور اس فیصلے سے پاکستان کی سیاحت کو مزید ابھرنے میں مدد ملے گی۔
تازہ ترین