• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلمان کمیونٹی ہماری ملٹی کلچرل سوسائٹی کا اہم حصہ ہے، نکولاسٹرجن

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) کرائسٹ چرچ نیوزی لینڈ کی دو مساجد پر حملے اور وہاں مسلمانوں کے قتل عام کی خبر اسکاٹ لینڈ میں بڑے رنج و غم کے ساتھ سنی گئی اور تمام کمیونٹیز اور اسلامی جماعتوں کے رہنمائوں نے اس کی پُرزور الفاظ میں مذمت کی اور اس مشکل وقت میں مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اسکاٹ لینڈ کی حکومت کی سربراہ نکولا سٹرجن نے مرکزی جامع مسجد گلاسگو کا دورہ کیا اور مسلمانوں کو اپنی حکومت کی طرف سے مکمل تحفظ کا یقین دلایا۔ اسکاٹ لینڈ کے جسٹس سیکرٹری حمزہ یوسف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ نکولا سٹرجن نے کہا کہ مسلمان ہماری ملٹی کلچرل سوسائٹی کا اہم حصہ ہیں ان کی خدمات معاشرے کے لیے قابل قدر ہیں۔ اس مشکل وقت میں ہم پوری قوت کے ساتھ ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم معاشرے میں اسلامو فوبیا اور نسل پرستی کے مکمل خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔ شام5بجے مسلم کونسل آف اسکاٹ لینڈ کے زیراہتمام بکنین اسٹریٹ میں ایک جلسہ عام منعقد کیا، کونسل کے صدر ڈاکٹر حبیب رفیق نے کہا کہ مسلم کمیونٹی نیوزی لینڈ کے واقعہ پر بڑی دلبرداشتہ اور خوفزدہ ہے، ہم نے تمام مساجد سے کہا ہے کہ وہ اپنے سیکورٹی انتظامات کو ایک دفعہ پھر چیک کریں۔ ڈاکٹر حبیب رفیق نے کہا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کی غمازی کرتا ہے۔ اسکاٹ لینڈ کے جسٹس سیکریٹری حمزہ یوسف نے کہا کہ دہشت گردی کے یہ واقعات معاشرے کو تقسیم کرنے کی سوچی سمجھی کوشش ہیں لیکن ہم ایسی سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ لیبر پارٹی اسکاٹ لینڈ کے چیئرمین رچرڈ لیونارڈ نے کہا کہ ہم ہر قسم کے اسلامو فوبیا، انٹی سٹمیزم اور نسل پرستی کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ ہم اس صورتحال پر خاموش نہیں رہ سکتے ہیں۔ نسل، مذہب، رنگ اور کسی بھی قسم کے امتیاز سے بالاتر ہوکر مل جل کر کام کرنا ہوگا۔
تازہ ترین