• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی(نیوز ایجنسیاں) پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والا بھارت کا سرویلنس ڈرون مار گرایا۔ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ بھارتی جاسوس ڈرون کو لائن آف کنٹرول پر رکھ چکری سیکٹر میں گرایا گیا۔ بھارتی جاسوس ڈرون 150 میٹر پاکستانی حدود میں داخل ہوا۔ترجمان پاک فوج نے گرائے گئے ڈرون کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گرایا جانے والا کواڈ کاپٹر ایک سرویلنس ڈرون ہے جسے سرحدی نگرانی کےلئے استعمال کیا جا تا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے جب بھی کارروائی کی تو اس کے ثبوت بھی پیش کیے ہیں،ہم صرف باتیں نہیں بلکہ ثبوت بھی پیش کرتے ہیں جو بھارتی فوج کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہیں جبکہ ان کا میڈیا صرف جھوٹے دعوے کرتا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 26 فروری کو بھارتی طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تاہم پاک فضائیہ کی بروقت جوابی کارروائی میں بھارتی طیارے بدحواسی میں پے لوڈ گراکر چلے گئے جب کہ اگلے روز ایک بار پھر دراندازی کی بھارتی کوشش کو پاک فضائیہ نے ناکام بنایا اور 2 بھارتی طیارے نہ صرف مار گئے بلکہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا گیا جسے بعد ازاں جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کیا گیا۔

تازہ ترین