• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت حکمرانوں کو کھٹک رہی ہے،ایمل ولی

پشاور ( نامہ نگار) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایمل ولی خان نے راولپنڈی میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں پر کریک ڈاؤن کی مذمت کرتے ہوئے گرفتار جیالوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اندر برداشت کا مادہ پیدا کرے اور ایسا ماحول پیدا کرنے سے گریز کرے جو جمہوریت کیلئے خطرے کا باعث ہو ، انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے خلاف کیس کی کراچی سے اسلام آباد منتقلی سے ہی سازش کی بو آ رہی ہے ،ایمل ولی خان نے کہا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت اور اکثریت حکمرانوں کو کھٹک رہی ہے اور بد حواسی کے عالم میں ایسے فیصلے کئے جارہے ہیں جس سے سندھ حکومت کو نقصان پہنچایا جا سکے، انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کے خلاف طاقت کا استعمال کرنے والے اسلام آباد میں اپنا126دن کا دھرنا یاد رکھیں ، انہوں نے کہا کہ گرفتار کئے گئے کارکنوں کو رہا کر کے لاٹھی چارج اور خواتین کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی جائے، انہوں نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اقتدار کے نشے میں مست حکمران حقیقت کا سامنا کرنے کا حوصلہ پیدا کریں، انہوں نے کہا کہ اے این پی شفاف اور بلا امتیاز احتساب پر یقین رکھتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ غیر جانبدارانہ احتساب کا عمل حکمرانوں سے شروع کیا جائے اور نیب کو بطور ہتھیار سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنے سے گریز کیا جائے۔
تازہ ترین