• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئندہ نسلوں کو مضبوط،پرامن اور خوشحال پاکستان دینا ہماری ذمہ داری ہے، معین الحق

پیرس( رضا چوہدری )فرانس میں ’یوم پاکستان‘ کے موقع پر پاکستان کو ایک خوشحال اور مضبوط ملک بنانے کا عہد کیا گیا، سفارت خانہ پاکستان فرانس میں یوم پاکستان کے سلسلے میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کو ایک خوشحال اور مضبوط ملک بنانے کا عہد کیا گیا۔ پرچم کشائی کی اس پروقار تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین، سفارت خانہ کے افسران و ان کے اہلخانہ اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ معین الحق سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ ملک کا نظریہ پیش کیا۔ اس نظریے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی انتھک کوششیں کیں اور انہیں کوششوں کی وجہ سے بالآخر برصغیر کے مسلمان پاکستان کی شکل میں ایک آزاد ریاست بنانے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے بہت سی قربانیاں پیش کر کے اس ملک کو حاصل کیا ہے اور اب یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک مضبوط، پرامن اور خوشحال ملک بنا کر دیں۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ اب وہ وقت آ گیا ہے کہ ہم یوم پاکستان کو روایتی یادگار کے طور پر مناتے ہوئے اپنے اندر ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کو فروغ دیں تاکہ پاکستان کو دنیا کے دیگر ممالک میں ایک عظیم ملک بنانے میں کامیاب ہوسکیں۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کا فرانس میں پاکستان کے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرنے میں ان کے تعمیری کردار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اور پاکستانی کمیونٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومتی پالیسیوں اور اقدامات کو فروغ دیتے ہوئے بیرونی سرمایہ کاری اور تجارت کو اپنی طرف متوجہ کریں اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں حصہ لیں۔
تازہ ترین