• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت تدریسی شعبے میں تحقیق پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، حاجی محمد خان

کوئٹہ( خ ن)صوبائی مشیر تعلیم حاجی محمد خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تدریس کے شعبے میں تحقیق، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنسی تحقیق پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ حکومت کا وژن ہی کہ بلوچستان میں تعلیم کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ اس سلسلے میں اساتذہ طلباء و طالبات اور والدین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ ایمانداری اور خلوص نیت کو اپنا شعار بنائیں تاکہ بچوں کی پڑھائی میں کوئی حرج نہ ہو۔ محمد خان لہڑی نے کہاکہ اساتذہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستقبل کے معماروں کی تربیت و نشوونما میں بہترین کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم و تحقیق کے میدان میں اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرکے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز مڈل سکول کلی بادینی کوئٹہ میں 23 مارچ کے حوالے سے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی احمد نواز بلوچ، فرنٹیئر کور بلوچستان کے کرنل بلال، ڈائریکٹر سکولز مطیب احمد آفریدی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوئٹہ اختر محمد کھیتران، بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کے یحییٰ مینگل،ڈی او ای فیمیل شاہدہ عزیز، اے ڈی او ای مہ جبیں ہیڈ مسٹریس نادیہ بادینی سمیت طالبات اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صوبائی مشیر نے سکول کے پرنسپل اور سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اپنی طرف سے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے سکول میں اساتذہ کی کمی کو ہنگامی بنیادوں پر پورا کرنیکا وعدہ بھی کیا۔ پروگرام کے اختتام پر صوبائی مشیر نے نمایاں کارکردگی کے حامل طالبات میں انعامات بھی تقسیم کی۔ انہوں نے پرنسپل اور سٹاف کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دی۔
تازہ ترین