• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ان دنوں دنیا بھر میں’بلاگنگ‘ کو انٹرنیٹ کی ایک مقبول ترین سرگرمی شمار کیا جارہا ہے۔ ایک طرف بلاگنگ کے ذریعے آپ اپنی تخلیقی اور تحریری صلاحیتوں کے فن کو نکھارتے ہیں تو دوسری طرف اس سرگرمی کوانٹرنیٹ پر اَپ لوڈ کرنے کے ذریعے پیسے بھی کماسکتے ہیں۔ دنیا بھرمیں بلاگرز کی ایک بڑی تعداد اسی فن کے ذریعے لاکھوں ڈالرز کمارہی ہے۔ اگر آ پ بھی لکھنے لکھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو اپنی صلاحیتوں کو ضائع نہ کریں اوربلاگ لکھنے پر غور کیجیے۔

بلاگنگ ہےکیا؟

بلاگ رائٹنگ کی اصطلاح پہلی مرتبہ 1997ء میں’ویب لاگ‘ کی صورت استعمال کی گئی تھی، جسے بعد میں ’بلاگ‘ کردیا گیا۔ ان دنوں انٹرنیٹ پر بلاگنگ کی مختلف اقسام خاصی مشہور ہیں۔ آ پ کا ان اقسام کے ساتھ ساتھ بلاگ رائٹنگ ٹپس سے بھی آگاہ ہونا ضروری ہے لیکن اس سے قبل یہ جان لیں کہ بلاگ کہتے کس کو ہیں۔ بلاگنگ کی سادہ اور آسان تعریف کچھ یوں کی جاسکتی ہے کہ ہر وہ بات یا واقعہ جسے آپ اپنی آنکھوں سے دیکھیں یامحسوس کریں، اسے نہایت سادہ اور دوستانہ الفاظ میں لکھ ڈا لیں۔ یہ تحریر ’بلاگ‘ کہلائے گی، جس میں لکھاری آنکھوں دیکھے واقعات کا اپنے تئیںدوستانہ لفظوں میں اظہار کرتا ہے۔ بلاگنگ نئے لکھاریوں کے لیے تحریری صلاحیتوں کو پختگی فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ اگر آپ بھی اپنی لکھنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو ہمارا مشورہ یہی ہے کہ آپ بلاگ لکھنا شروع کردیں۔ اس سلسلے میں مندرجہ ذیل ٹپس آپ کے لیے مفید ثابت ہوسکتی ہیں۔

عنوان

اس بات میں کوئی دورائے نہیں کہ تحریر کا عنوان جتنا توجہ طلب (Catchy) ہوگا، قاری کے لیے تحریر پڑھنا اتنا ہی زیادہ دلچسپی سے بھرپور ہوگا۔ آپ کے قاری کے پاس بہت سے سوالات ہوسکتے ہیں، جنہیں وہ آپ کی تحریروں کے ذریعے جاننا چاہے گا۔ آپ اپنے بلاگ کا عنوان کسی مخصوص سوال کے ساتھ منتخب کرسکتے ہیں، جس کا جواب آپ کے بلاگ میں موجود ہونا ضروری ہے ۔

فریم ورک ترتیب دیں

فریم ورک ترتیب دینے سے قبل بلاگ لکھنے کا آغاز ہر گز نہ کیجیے۔ کسی بھی عنوان پر بلاگ لکھنے سے قبل ایک آؤٹ لائن ترتیب دیں، اس آؤٹ لائن کو عام مفہوم میں تمہید بھی کہا جاسکتا ہے۔ یہ تمہید آپ کے بلاگ کو آگے بڑھانے اور تحریر میں تسلسل قائم رکھنے میں بھی مدد فراہم کرے گی۔

ایک ساتھ مکمل کریں

بلاگ رائٹنگ ایسی تحریر نہیں ہوتی، جسے آدھا آج اور آدھا کل لکھا جاسکے۔ آپ ایک بار جب لکھنے بیٹھ جائیں تو کوشش کریں کہ اسے 100فیصد مکمل کرکے اٹھیں، اگر آپ کاغذ قلم سے بلاگ لکھ رہے ہیں تو رائٹنگ پر غور مت کیجیے ۔ بس ایک تسلسل سے لکھتے چلے جائیں اور جب مکمل کر چکیں تب گرامر یا خوشخطی پر توجہ دیں۔

بلاگ کی طوالت

تحریر کتنے لفظوں پر مشتمل ہونی چاہیے، یہ سوال خاص اہمیت رکھتا ہے۔ بلاگ رائٹنگ کے لیے کم ازکم 500اور زیادہ سے زیادہ 1500الفاظ مثالی تصور کیے جاتےہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ پہلی بار لکھنے والوں کے لیے 1500الفاظ لکھنا مشکل ہوسکتا ہے، لہٰذا آپ بلاگ رائٹنگ کا آغاز 500الفاظ سے بھی کرسکتے ہیں ۔

تحریر کوآسان بنائیں

آپ کی تحریر قارئین میں تب ہی مقبول ہوسکتی ہے، جب وہ آسان ہوگی۔ ایک ہی پیراگراف میں لکھتے چلے جانے کے بجائے اپنی تحریر کو آسان انداز میں لکھنے کی کوشش کریں۔ بلاگ کو آسان بنانے کے لیے اس میں بلٹ، نمبرز، پوائنٹس اور تصاویر کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

تحریر میں جذبات شامل کریں

بلاگ ایک ایسی تحریر کہلاتی ہے، جس میں لکھاری اپنے احساسات و جذبات کا اظہار کرسکتا ہے۔ آپ کسی بھی عنوان یا واقعے سے متعلق تحریر لکھتے وقت ایسا انداز اختیار کرسکتے ہیں، جسے پڑھ کر قاری جذباتی ہوجائے۔ اس کے علاوہ بلاگ لکھتے وقت اس بات کو ذہن نشین کرلیں کہ آپ کسی مجمع یا قارئین کی بہت بڑی تعداد سے مخاطب نہیں ہورہے بلکہ اس کے برعکس آپ کسی خاص فرد سےگفتگو کررہے ہیں۔ آپ کا اندازِ گفتگو واعظانہ ہونے کے بجائے دوستانہ ہو نا چاہیے کیونکہ دوستانہ اندازِ گفتگو بلاگر اور قاری کے درمیان خوبصورت رشتہ قائم کردیتا ہے ۔

داستان گوئی کریں

ایک بہترین لکھاری ایک اچھا داستان گو بھی ہوتا ہے۔ اس لیے کوشش کیجیے کہ آپ تحریر میں کوئی واقعہ یا جس عنوان پر بات کررہےہیں، اس کو بیان کرنے کا انداز کہانی سنانے جیسا ہو۔ جس طرح کہا نی آخر تک دلچسپ اور متاثر کن ہوتی ہے، ایسے ہی اپنے بلاگ کو بھی اختتام تک دلچسپ بنانے کی کوشش کیجیے۔

تازہ ترین