• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں برکھمبا روڈ پر ٹک ٹاک ویڈیو میں پستول سے اداکاری کرتے ہوئے ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کا رہائشی 19سالہ سلمان اپنے دوستوں سہیل اور عامر کے ساتھ انڈیا گیٹ سے واپس آرہا تھاکہ راستے میں دوست کے ساتھ پستول سےٹک ٹاک ویڈیو بنانے لگا، ویڈیو بنانے کے دوران سہیل کے ہاتھ میں پکڑی پستول سے گولی چل گئی جو سلمان کے دائیں گال پر جا لگی اور وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق حادثہ رونما ہوتے ہی گاڑی میں بیٹھے دونوں دوست خوفزدہ ہو گئے اور قریبی رشتہ دار کے گھر پہنچ کر انہوں نے اپنے خون آلود کپڑے بدلے اور سلمان کو فوراً لے کر اسپتال پہنچے۔ سلمان کو اسپتال میں داخل کرواکر دونوں دوست فوری وہاں سے فرار ہوگئے۔

پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے سہیل کو اس کے دوست سمیت گرفتار کرلیا جبکہ پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں کہ گولی غلطی سے چلی یا ملزم قتل کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔

سلمان کے ایک رشتہ دار نےمیڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ رات گئے سلمان اپنے دو دوستوں کے ساتھ گاڑی میں انڈیا گیٹ تک گیا تھا جس کے بعد ہمیں پولیس کے ذریعے اس واقعے کی  اطلاع موصول ہوئی اور ہم اسپتال پہنچے۔

انہو ں نے مزید بتایا کہ نیو جعفرآباد کا رہائشی سلمان اپنے گھر میں سب سے چھوٹا تھا جبکہ سلمان کے والد علاقے میں کاروبار کرتے ہیں جس میں سلمان اُن کا ہاتھ بٹاتا تھا۔

تازہ ترین