• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت بجلی، گیس اور دیگر اشیاء سستی کرے، ہم تعاون کرینگے، اپوزیشن

کراچی، لاہور( رپورٹ :سہیل افضل، نمائندہ جنگ ) اپوزیشن رہنمائوں محمد زبیر، رضا ربانی، مرتضیٰ وہاب،پرویزملک، میاں جاوید لطیف نے کہا ہےکہ معیشت کو گرداب سے نکالنے ،مہنگائی میں کمی،بجلی، گیس اور دیگر اشیا سستی کرنےاور عوام کو ریلیف دینے کے لیے اپوزیشن حکومت سے ہاتھ ملانے پر تیار ہے، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے کہاکہ مہنگائی کا طوفان موجودہ حکومت لے کر آئی، وہ عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے تو بجلی، گیس ،پٹرول ، ادویات اور دیگر اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی کرے۔ سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ ڈوبتی معیشت کو سنبھالنا ہے ، تیزی سے بڑھتی مہنگائی کو روکنا ہے عوام کو ریلیف دینا ہے تو حکومت کو اپنا رویہ بدلنا ہو گا جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور قومی اسمبلی کے رکن پرویزملک نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان کے بیان کو ہم زیادہ سنجیدہ نہیں لے سکتے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےہفتہ کو وزیر اعظم کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں اور دیگر رہنمائوں کے اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن کے ساتھ مفاہمت کی پالیسی کا اعلان کیا اور کہا کہ اپوزیشن کے بغیر جمہوریت اور پارلیمنٹ نہیں چل سکتی ،اپوزیشن مثبت تجاویز دے، اپوزیشن کی بڑی پارٹیوں نے اس پالیسی کا خیر مقدم کرتے ہوئے مہنگائی میں کمی ،معیشت کو بحران سے نکالنے ،عوام کو ریلیف دینے اور ڈالر کی قدر میں کمی کے لیے تعاون کرنے کا اعلان کر دیا ہے ،پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کا طوفان موجودہ حکومت لے کر آئی ہے اور وہ عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے تو بجلی، گیس،پٹرول ، ادویات اور دیگر اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی کرے، موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی،ان کی کوئی سمت ہی نہیں اور نہ ہی ان کو یہ معلوم ہے کہ کس سمت جانا ہے، اپوزیشن کا کردار اب تک بڑا مثبت رہا ہے وہ چاہتی ہے کہ عوام کو مہنگائی کے اس دلدل سے نکالا جائے ۔رضا ربانی نے کہا کہ صدارتی نظام کی بے مقصد بحث کی جارہی ہے یہ ممکن ہی نہیں حکومت کے پاس دو تہائی اکثریت ہی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی سے قرضوں کے حجم میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے حکومت عوام کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے تو اسے سنجیدہ اقدام کرنے ہوں گے۔سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ کے رہنما محمد زبیر نے اس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے عمران خان کو یہ مشورہ دیا ہے تو ملک کے لیے مثبت ہے اگر وزیر اعظم اور ان کی ٹیم 24گھنٹے میں سے 18گھنٹے نواز شریف ،شہباز شریف اور زرداری کی پکڑ دھکڑ کی بات کرے گی تو ملکی مسائل کیسے حل ہو نگے ،ڈوبتی معیشت کو سنبھالنا ہے ، تیزی سے بڑھتی مہنگائی کو روکنا ہے عوام کو ریلیف دینا ہے تو حکومت کو اپنا رویہ بدلنا ہو گا ،جمہوریت میں اپوزیشن کے بغیر ملک نہیں چلتا اگر حکومت اور خاص کر وزیر اعظم کو یہ سمجھ آگئی ہے توملک اور قوم کے لیے اچھی خبر ہے تاہم کیا واقعی یہ وزیر اعظم یا حکومت کی پالیسی ہے یا ایک وزیر کا بیان آنے والے دنوں میں حکومتی رویئے سے پتہ چل جائے گا ،ان کا کہنا تھا کہ ملک اندرونی اور بیرونی جن مسائل کا شکار ہے اپوزیشن نے ہمیشہ مثبت رویہ اپنایا ہے اس کا اظہار بھی اپوزیشن لیڈر کر چکے ہیں ،میثاق معیشت کے لیے پوری اپوزیشن تیار ہے لیکن حکومت کو مار دھاڑ پکڑ دھکڑ کا رویہ بدلنا ہو گا ،عوام کے مسائل پر توجہ دینی ہو گی عوام کو اس وقت مہنگائی سے نجات دلانا اور روز گار کے مواقع پیدا کرنا ترجیح اول ہونا ضروری ہے، سندھ حکومت کے ترجمان اور صوبائی مشیر برائے اطلاعات مرتضیٰ وہاب نے اس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن نے ہمیشہ کہا ہے کہ وہ ملکی مسائل حل کرنے اور ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لئے تعاون کے لیے تیار ہے لیکن تحریک انصاف ایک پارٹی تو رہی نہیں ان کا ایک وزیر کچھ کہتا ہے دوسرا کچھ ،وزیر اعظم کا موقف الگ ہو تا ہے ،ان پر اعتبار کریں تو کیسے کریں ،انہوں نے کہا کہ غربت کے خلاف جنگ ،ڈالر کو نیچے لانے ،مہنگائی میں کمی ،دہشتگردی کے خاتمے اور ملکی معیشت کو سنبھالنے کے لیے اپوزیشن حکومت کا ساتھ دینے کو تیار ہے تاہم انہیں اپوزیشن کے لیے عزت واحترام کا رویہ اپنانا ہو گا، احتساب عدالتوں اور نیب پر چھوڑ دیں ، تواپوزیشن پارلیمانی نظام میں تعاون کرے گی۔ ’’جنگ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما اور قومی اسمبلی کے رکن پرویزملک نے کہا ہے کہ فردوس عاشق اعوان کے بیان کو ہم زیادہ سنجیدہ نہیں لے سکتے، یہ بیان انہوں نے اخبار نویسوں کے سوال کے جواب میں دیا ہے اس میں کوئی گہرائی نظر نہیں آ رہی۔ میاں جاوید لطیف ایم این اے نے کہا کہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں عوام کی بھلائی، مہنگائی کے خاتمہ اور معیشت کی بحالی کے حوالے سے سنجیدہ تجاویز دیتی رہی ہے لیکن حکومت نے صرف اپوزیشن کو گالیاں دینے کا وطیرہ اختیار کیا ہوا ہے ، پہلے حکومت ہمارے دور میں جو ادویات ،ڈالر اور مہنگائی کو ہماری حکومت کے دور کے مطابق واپس لائے تو پھر اس سے کوئی بات ہو سکتی ہے۔

تازہ ترین