• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کردیا

وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کردیا۔


کوئٹہ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ طارق بشیر کا تعلق تو ق لیگ سے ہے لیکن ان کی تقریرمیں تحریک انصاف کا جنون نظر آرہا تھا۔ وزیراعظم عمران خان سمیت کئی وزراء اور بلوچستان کابینہ کے ارکان اس تقریب میں موجود ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ایک آدمی کی سب سے بڑی ضرورت چھت ہوتی ہے جبکہ پاکستان میں صرف پیسے والے لوگ گھر بنانے کا سوچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی ایک بڑی وجہ ہے کہ تنخواہ دار طبقہ اپنی آمدن سےگھرنہیں بنا سکتا۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گھربنانےکےلیے بینک سے قرضے لینے والوں کی تعداد اعشاریہ دو فیصد ہے، یورپ کےبعض ممالک میں یہ تعداد 80 فیصد ہے جبکہ ملائیشیا میں یہ تعداد 30اور بھارت میں 10فیصد تک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بینکوں سے قرضے کے لیے قانون میں تبدیلی لارہےہیں۔ ہاوسنگ اسکیم سے 40سے زیادہ صنعتیں چلنا شروع ہوجائیں گی۔

اس کے علاوہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوان اپنا کاروبار شروع کریں، یہ سنہری موقع ہے، وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال سے گزارش ہے کہ کوئٹہ کا ماسٹر پلان بنائیں۔

دوران خطاب وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ مدینہ کی ریاست ہرمسلمان کے لیے ماڈل ہے، یونیورسٹی کے طالب علم مدینہ کی ریاست کا مطالعہ ضرور کریں، بانیان پاکستان نے کہا تھا کہ پاکستان اسلامی فلاحی ریاست ہوگی جبکہ 60 ، 70 سال میں پاکستان اشرافیہ کا پاکستان بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان میں اب بڑے بڑے ڈاکو پکڑے جارہے ہیں ،میں مشرف دور میں 7 دن جیل میں رہا وہاں مجھے صرف غریب لوگ نظرآئےکیونکہ پہلے بڑے ڈاکوپکڑے ہی نہیں جاتےتھے بلکہ اسمبلیوں میں نظرآتےتھے۔

ہماری ذمہ داری ہے کہ کمزور طبقے کو اُوپر اٹھانا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ ماضی میں حکمرانوں نےبلوچستان پر اس لیے توجہ نہیں دی کہ وہ سمجھتےتھے کہ وہ بلوچستان کے بغیر بھی وزیراعظم بن سکتے ہیں۔ عمران خان نے کہا بلوچستان کے لوگ خوش قسمت ہیں کہ اُن کوجام کمال جیسا وزیراعلٰی ملا۔

اُن کا کہنا ہے کہ ہمیں اندازہ نہیں کہ اللہ نے ہمیں کن کن چیزوں سےنوازا ہے، پاکستان کواللہ نے وہ نعمتیں دی ہیں جوشاید ہی دنیا میں کسی ملک کوملی ہوں۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ملک لوٹنےوالوں کوایسی سزائیں دیں گےکہ لوگ آئندہ ملک لوٹنے سےڈریں گے اور یہ لوگ اس لیے ڈررہےہیں کہ عمران خان اگرحکومت میں رہا تویہ سب جیل میں ہوں گے۔

دوسری جانب وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم کا شکریہ کہ انہوں نےطلبہ کے ساتھ اس تقریب کی تجویز کو منظور کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی طرف خصوصی توجہ پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

جام کمال نے کہا کہ اصل حکمران وہ ہوتے ہیں جو نظام کو بہتر کرتے ہیں، بلوچستان کےعوام پُرامید ہیں کہ مسائل حل ہوں گے۔

اس کے علاوہ وفاقی وزیرہاؤسنگ کا کہنا ہے کہ اگرآپ کی قیادت دیانت دار ہے تو پچاس لاکھ گھروں کا ہدف بہت چھوٹا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ 40صنعتیں ہاؤسنگ کی صنعت سے وابستہ ہیں۔

تقریب کے دوران بلوچستان میں پرتشدد واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں خاموشی بھی کی گئی۔

تازہ ترین