• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ بزدار ایک پیج پر ہیں، فردوس عاشق اعوان

لاہور( نمائندہ جنگ) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اوروزیر اعلیٰ پنجاب ایک پیج پر ہیں کہ میڈیا ہماری طاقت ہے ۔ وزیر اعظم نے عبوری ویج ایوارڈ کی منظوری دیدی ہے اور عنقریب پورا پیکج منظور ہو جائے گا جس کی تفصیلات شیئر کروں گی ۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تمام اراکین کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر بھرپور اعتماد کے بعد تمام افواہیں اور چہ مگوئیاں دم توڑ گئی ہیں۔ پی ٹی آئی کا سیاسی محاذ پنجاب ہے اور ہم نے اسے قلعے میں تبدیل کرنا ہے ، حکومت کسی طرح کی محاذ آرائی نہیں چاہتی اور ہم میڈیا کو اپنی کمزوری نہیں بننے دیں گے ، رابطوں کے فقدان کی وجہ سے کچھ مسائل تھے لیکن میں نے دوبارہ روابط کی بحالی کیلئے عملی کوششیں شروع کردی ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ٹیم میں اب میڈیا کے حقوق کی جنگ لڑنے والا آ گیا ہے۔ میں آپ کو یقین دلاتی ہوں کہ آپ لاوارث نہیں ہیں ۔ جو تاثر دیا گیا کہ پی ٹی آئی حکومت میڈیا سے تصادم چاہتی ہے اور حکومت کی میڈیا مالکان اور اور کارکنان سے ہم آہنگی نہیں ۔ایسا نہیں ہے ۔ میں آپ کو یقین دلانے آئی ہوں کہ عمران خان ، پی ٹی آئی کی حکومت اور وزیر اعلیٰ پنجاب ایک پیج پر ہیں کہ آپ ہماری طاقت ہیں اور ہم میڈیا کو اپنی کمزوری نہیں بننے دیں گے ۔ پی ٹی آئی کو حکومت میں لانے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے ۔ہم اس کی توثیق کرتے ہیں کہ جمہوریت کیلئے بھی میڈیا کا کلیدی کردار ہے اورہم میڈیا کو جمہوریت کا چوتھا ستون مانتے ہیں ۔ پارلیمنٹ ، پارلیمنٹری پریکٹسز ، حکومت اور گورننس میں ہر جگہ آپ وزیراعظم عمران خان کی آنکھ اور کان ہیں ۔آپ ہماری غلطیوں کی نشاندہی اور اصلاح کے لئے مثبت تجاویز دیں ۔مجھے وزیرا عظم نے خصوصی طورپر واضح پیغام دے کر بھیجا ہے کہ جو آپس میں رابطوں کا فقدان بنا ہے اسے دور کیا جائے ۔ میں نے لاہور پریس کلب کے صدر سے ملاقات کی ہے اور دیگر صحافتی تنظیموں سے روابط بحالی کی کوشش کر رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جو حالات ہیں اس کی وجہ سے حکومت کو احساس ہے کہ میڈیا کارکنان بھی اس کا شکار ہوئے ہیں ، میڈیا انڈسٹری جو اس وقت مشکلات کا شکار ہے ہمیں آپ کا معاون بننا ہے اور چیلنجز سے باہر نکالنے کے لئے آپ کی سپورٹ بننا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سے میٹنگ ہوئی ہے ۔ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز میں ایک بریفنگ ہوئی ہے اور میں اس میں ادارے کے حوالے سے کچھ نشاندہی کر کے آئی ہوں ۔صمصام بخاری اورشہباز گل نے ملکر کام کرنا ہے ۔جو باتیں گھر کی ہیں ان کو گھر میں طے کر لیں گے۔ پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں۔ بیٹنگ آرڈر تبدیل کرنا وزیراعظم کا حق ہے۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو مبارکباد دیتے ہوئےکہا کہ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے تمام اراکین نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور جو مخالفین کی جانب سے وزیر اعلیٰ کی کارکردگی کے حوالے سے افواہیں اور چہ مگوئیاں تھیں وہ دم توڑ گئی ہیں ۔ پارلیمانی پارٹی کے تمام اراکین نے عثمان بزدار پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔جو لوگ انتخابات میں ووٹ کو عزت دو کے نعر ے لگاتے تھے وہ بھی اس ووٹ کو عزت دیں ۔
تازہ ترین