• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک پاکستان سے نوجوانوں کو آگاہ کرنا ضروری ہے،صدرپفوا

ملک کی نوجوان نسل کو بر صغیر کے مسلمانوں کی عظیم قربانیوں اور بھرپور جدوجہد سے روشناس کرانے کے لیے پی اے ایف کمپلیکس اسلام آباد میں قائدِاعظم اور آل انڈیا مسلم لیگ کے جیّد اور مشہورراہنماؤں کی نادرتصاویر اور تاریخی دستاویزات کی پُر وقار نمائش کا انعقادکیا گیا۔


پاکستان ائیر فورس ویمن ایسوسی ایشن(پفوا) کی صدر بیگم ائیر چیف مارشل مجاہد انور خا ن نے نمائش کا افتتاح کیا جو پفوا ایجوکیشن سسٹم اور نیشنل آرکائیوز آف پاکستان کے باہمی اشتراک سے منعقد کی گئی ہے۔

صدر پفوا نے اس بیش قیمت قومی اور ثقافتی ورثے کی آنے والی نسلوں تک حفاظت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسی نایاب تصاویر اور دستاویزات ہماری نوجوان نسل کو اپنے آباؤ اجداد کی اُن عظیم قربانیوں سے آگاہی فراہم کرتی ہیں جو انہوں نے ایک علیحدہ وطن کے لیے پیش کیں۔

انہوں نے نوجوان نسل کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ قومی تعمیر و ترقی میں نمایاں مقام حاصل کرنے کے لیے انہیں بابائے قوم کے نقشِ قدم پر چلنا چاہیے۔اس نمائش میں پاک فضائیہ کے زیرِ انتظام پی ای ایس پرائمری اسکول، پی اے ایف فنشنگ اسکول اور فضائیہ اسکولز اینڈ کالجز کے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

یہ نمائش اس سفر کا دستاویزی عکس ہے جو قائداعظم کی ابتدائی زندگی سے شروع ہو کر قیامِ پاکستان کے بعد ہجرت کر کے آنے والے بے سرو سامان مہاجرین کے دلخراش واقعات پر اختتام پذیر ہوتا ہے۔

تازہ ترین